مسلم لیگ ن کا یہ انتخابی منشور زمینی تقاضوں سے ہم آہنگ ہے،نذیر گو ندل، مزمل باجوہ

Nazir Gondel And Bajwaبارسلونا (دوست نیوز)مضبوط معیشت، مضبوط پاکستان اور ہم بدلیں گے پاکستان یہ پاکستان مسلم لیگ ن کے انتخابی منشور کا بنیادی نعرہ ہے یہ نعرہ اس عزم کا آئینہ دار ہے کہ مسلم لیگ ن مضبوط معیشت پر یقین رکھتی ہے اور مضبوط معیشت کا مطلب مضبوط پاکستان ہے اس طرح ہی پاکستان کے عوام کی حالت بدلی جاسکتی ہے اور ایک جدید پاکستان کی تعمیر کی جاسکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ نون اسپین کے صدر چوہدری نذیر احمد گو ندل اور سینئر نائب صدر مزمل حسین باجوہ نے نمائندہ دوست سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ انہو ں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا یہ انتخابی منشور زمینی تقاضوں سے ہم آہنگ ہے اس میں احتساب کو بھی اہمیت دی گئی ہے اور بدعنوانی کے خاتمہ کے لیے احتساب کمیشن قائم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ہزار ہ بہاولپور اور جنوبی پنجاب کے صوبے بنانے کا وعدہ بھی سامنے آیا ہے۔ انہو ں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ مسلم لیگ ن اس اعتبار سے خوش قسمت ہے کہ اس کے پاس ایسے اقتصادی ماہرموجود ہیں جوپاکستان کے استحکام کو مد نظر رکھ کر پالیسیاں وضع کرتے ہیں اور عالمی بنک کی عینک سے اپنے ہاں کی چیزوں کو نہیں دیکھتے صنعتی شعبہ میں نواز شریف کے اپنی مہارت اور تجربہ اور قومی معیشت کے حوالے سے ان کی پارٹی کے اقتصادی ماہرین کا ہوم ورک معاشی استحکام کے لیے کلیدی حیثیت کا حامل بن سکتا ہے۔ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کا عزم بھی واضح کیا گیا ہے