Saturday, April 21, 2018
Home > بین الاقوامی > شام میں عالمی طاقتوں کی جنگ کا خطرہ ، برطانیہ کی آبدوزیں بحیرہ روم پہنچ گئیں

شام میں عالمی طاقتوں کی جنگ کا خطرہ ، برطانیہ کی آبدوزیں بحیرہ روم پہنچ گئیں

لاہور: (دوست نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ترک صدر طیب اردوان نے شام کی صورتحال پر بات چیت کی، واشنگٹن نے روس کو میزائل حملوں کی دھمکی دیکر بحری بیڑہ روانہ کر دیا۔ ماسکو نے خبردار کیا ہے کہ امریکی میزائلوں کو مار گرائیں گے۔

شام کے شہر دوما میں مبینہ کیمیائی حملے کے بعد علاقے میں بڑی جنگ کے بادل منڈلانے لگے۔ امریکہ اور روس سمیت عالمی طاقتیں میدان میں کود پڑیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کو میزائل حملوں کی دھمکی دے ڈالی۔ ٹویٹ کیا روس تیار ہو جائے، نئے اور اسمارٹ میزائل آ رہے ہیں اور جدید ترین بحری بیڑہ شام کی جانب روانہ کر دیا۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے صدر ٹرمپ اور ترک ہم منصب طیب اردوان نے شام کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ادھر برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے بھی فوجی کارروائی کیلئے تیار ہو گئیں، غیرملکی خبرایجنسی کےمطابق وہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیے بغیر ہی حملوں کی منظوری دے سکتی ہیں۔ برطانیہ کی آبدوزیں بحیرہ روم پہنچ گئی ہیں۔

دوسری جانب روس نے امریکی حملے کی صورت میں بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں روسی مندوب وسیلی نیبینزیا نے خبردار کیا ہے کہ میزائلوں کو مار گرایا جائے گا۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نتن یاہو کو ٹیلیفون کیا، اور شام میں مداخلت سے باز رہنے کی ہدایت کی۔