سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی اسپین کے شاہ فیلپ ششم سے ملاقات

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اسپین کے شاہ فیلپ ششم سے جمعرات کو میڈرڈ میں ملاقات کی ہے اور ان سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

سعودی ولی عہد اسپین کے سرکاری دورے پر بدھ کو فرانس سے دارالحکومت میڈرڈ پہنچے تھے ۔سعودی شاہی دیوان کے بیان کے مطابق ولی عہد خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت اور ہسپانوی حکومت کی دعوت پر یہ دورہ کررہے ہیں ۔

وہ ہسپانوی وزیراعظم ماریانو رخوئے اور دوسرے اعلیٰ عہدے داروں سے بھی ملاقات کررہے ہیں۔وہ ان سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ان کے اس دورے کے موقع پر سعودی عرب اور اسپین کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون سے متعلق مختلف سمجھوتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔