سرلامکاں سے طلب کی یاد میں مساجد آباد، شب معراج پر روح پرور اجتماعات

لاہور: (دوست نیوز) ملک بھر میں شب معراج آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے، مساجد اور درگاہوں پر چراغاں، عبادات کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔

رجب المرجب اسلامی سال کاساتواں مہینہ ہے۔اللہ رب العزت نے سال کے بارہ مہینوں میں مختلف دنوں اورراتوں کی خاص اہمیت وفضیلت بیان کر کے انکی خاص خاص برکات وخصوصیات بیان فرمائی ہیں۔ شب معراج ہر سال 27 رجب کو حضور اکرمؐ کے اﷲ رب العزت سے ملاقات کیلئے خصوصی سفر پر جانے کی مناسبت سے منائی جاتی ہے۔ ملک بھر کی مساجد اوراہم عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا۔ خصوصی محافل اور اجتماعات ہونگے۔ جن میں علما ئے کرام اور مقررین واقعہ معراج شریف پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے۔ رب العالمین نے آحضرتؐ کو عظمت ورفعت کی وہ معراج نصیب فرمائی جو روز ازل سے آپ کا ہی مقدر تھی۔ کائنات کے سربستہ رازوں، اسرار کا مشاہدہ کرانے اور بنی نوع انسان پر یہ امر واضح کرنے کیلئے کہ جہاں تک اللہ رب العزت کی ربوبیت ہے وہاں تک محمد عربی کی نبوت ہے۔

آج کی شب حضور پر نور حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو معراج کا شرف عطا کیا گیا، یہ واقعہ ہجرت سے ایک سال قبل پیش آ یا جب حضرت جبریل علیہ السلام براق لے کر نبی آخرالزماں حضرت محمد ﷺکی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کی کہ اے اللہ کے رسول ﷺ ، آپ کا رب آپ سے ملاقات کا خواہشمند ہے۔ حضواکرم ﷺ اس مقد س سفر کے دوران مسجد الحرام سے مسجد اقصیٰ گئے جہاں تمام انبیائے کرام نے آپ ﷺ کی اقتدا میں نماز ادا کی، پھر آپﷺ عالم بالا میں کی طرف چلے جہاں آپ نے مختلف طبقات سماوی میں مختلف جلیل القدر انبیاء سے ملاقات کی۔

قرآن پاک میں بنی اسرائیل کی پہلی آیت میں اس واقعہ کا ذکر موجود ہے ، جو معراج یا اسراء کے نام سے مشہور ہے ، احادیث میں بھی اس واقعہ کی تفصیل ملتی ہے، شب معراج انتہائی افضل اور مبارک رات ہے کیونکہ اس رات کی نسبت معراج سے ہے ۔