Friday, May 25, 2018
Home > تارکینِ وطن کی خبریں > نہتے فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف بارسلونا میں بلدیہ ہاوس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

نہتے فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف بارسلونا میں بلدیہ ہاوس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

بارسلونا(دوست نیوز( امریکی سفارت خانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کے خلاف احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فورسز کی وحشیانہ فائرنگ اور گولہ باری سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 58 ہوگئی جبکہ 27 سو سے زائد زخمی ہیں۔اسرائیلی فورسز نے فلسطینیوں پر ظلم کی انتہا کر دی۔ امریکی سفارتخانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کے خلاف احتجاج کرنے والے فلسطینی شہریوں پر گولہ باری اور فائرنگ کی بوچھاڑ کر دی، آنسوگیس کے شیل بھی فائر کئے۔ اسرائیلی درندگی سے شہید ہونے والوں میں 16 بچے بھی شامل ہیں۔ گذشتہ 6 ہفتے سے اسرائیل غزہ سرحد پر نئی باڑ کے خلاف جاری مظاہروں میں پیر سب سے زیادہ پرتشدد دن تھا۔
منگل کا دن جنازوں کا دن ہو گا۔ اور فلسطینیوں کی طرف سے اسرائیل غزہ سرحد پر مظاہرے نہیں ہوں گے۔ منگل کو فلسطینی یوم نکبہ کے طور پر منا رہے تھے۔ نکبہ کا مطلب ہے تباہی۔ فلسطینی آج سے 70 برس قبل اسرائیل کے قیام کو نکبہ قرار دیتے ہیں۔فلسطینی صدر محمد عباس نے پیر کے روز ہونے والی ہلاکتوں کے تناظر میں تین روز سوگ کا اعلان کیا ہے اور عام ہڑتال کی اپیل کی ہے۔
غزہ میں احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف بارسلونا میں بلدیہ ہاوس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں فلسطینی خواتین، مرد اور بچوں کے علاوہ پاکستانی افراد نے بڑی تعداد نے شرکت کی۔مظاہرین نے کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی فوج کے ظلم وبربریت کی تصاویر آویزاں تھیں،جنہیں بچوں نے اٹھا رکھا تھا۔ مظاہرین دنیا کے منصفوں کو آواز دے رہے تھے کہ ان کو فلسطین میں بچوں عورتوں اور جوانوں پر ظلم کیوں نظر نہیں آرہا،مظاہرین فری فلسطین، بائیکاٹ ڈونلڈ ٹرمپ ،بائیکاٹ اسرائیل،جمہوریت کے رکھوالے کہاں ہیں،فلسطینوں کا قتل عام بند کرو ،جیسے نعرے بلند کرتے رہے۔
پاکستان مسلم لیگ ق اسپین کے صدر چوہدری عبدالغفار مرہانہ نے کہا کہ دنیا کو اسرائیلی مظالم کا نوٹس لینا چاہیئے۔ پاکستان تحریک انصاف اسپین کے صدر محمد شہباز ملک ،سنئر نائب صدر پی ٹی آئی اسپین افضال احمد چیمہ نے نوجوانوں کے ھمراہ مظاہرہ میں شرکت کی اور فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا اورنہتے فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی فوج کے مظالم شدید مذمت کی۔
صبح کے وقت میئر بارسلونا اداکولاو اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے بلدیہ ہاوس کے باہر فلسطینوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی ۔اور اسرائیلی مظالم کی بھر پور مذمت کی