پیرس میں منعقد ہونے والی عالمی دفاعی سازوسامان کی نمائش ’یوروسیٹری‘ میں پاکستان نے خود ساختہ دفاعی سازو سامان کے ساتھ حصہ لیا

پیرس (اشفاق چوہدری)دارلحکومت پیرس کے نواح میں واقع پارک دو ایگزیبیسیوں میں منعقد ہونے والی عالمی دفاعی سازو سامان کی نمائش ’یوروسٹیری‘ میں پوری دنیا سے آئے ہوئے 60 سے زائد ممالک کے دفاعی سازوسامان کے ماہرین اور خریداروں نے پاکستانی سٹال پر انتہائی مہارت و خوبصورتی سے سجائے گئے اعلی معیار کے تیار کردہ دفاعی و سیکیورٹی سازوسامان میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ یہ نمائش 11 تا 15 جون 2018 تک پیرس میں جاری رہے گی۔
پاکستان کے معروف دفاعی پیداواری اداروں جن میں پاکستان آرڈنینس فیکٹری، نیشنل ریڈیو و ٹیلی کمیونیکیشن اور گلوبل انڈسٹریل و ڈیفنس سلوشنز نے پاکستان ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کی قیادت میں اپنے تیار کردہ دفاعی سازو سامان کے ساتھ نمائش میں حصہ لیا۔
سفیر پاکستان برائے فرانس جناب معین الحق نے پاکستانی سٹال کا دورہ کیا اور پاکستانی دفاعی وفد کے اراکین سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے بین الاقوامی خریداروں کو متوجہ کرنے کیلئے پاکستانی سٹال کو خود ساختہ جدید عالمی معیار کے دفاعی ساز و سامان سے شاندار انداز میں سجائے جانے پر ان کی تعریف کی۔
سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ پاکستان کا دفاعی نمائش ’یوروسٹیری‘ میں حصہ لینے سے پاکستانی دفاعی پیداواری اداروں کو بین الاقوامی سطح پر دفاعی پیداواری شعبے میں دنیا کے معروف دفاعی پیداواری اداروں کے ساتھ مزید تعلقات بڑھانے میں اور اپنے دفاعی سازوسامان کی برآمدات میں بھی مدد ملے گی۔
لیفٹینٹ جنرل صادق علی حلال امتیاز (ملٹری) چیئرمین پاکستان آرڈینینس فیکٹری، لیفٹینٹ جنرل عمر محمود حیات چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی، میجر جنرل (ر) طارق جاوید ڈائریکٹر جنرل گلوبل انڈیسٹریل و ڈیفنس سلوشنز، بریگیڈیئر وحید ممتاز ڈائریکٹر کوارڈینیشن ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن اور بریگیڈئر توقیر نیشنل ریڈیو و ٹیلی کمیونیکیشن اس دفاعی نمائش میں اپنے اپنے وفود کی رہنمائی کر رہے ہیں