رئیل میڈرڈ کا کرسٹیانورونالڈو کو فروخت کرنے کا فیصلہ

میڈرڈ (نیوز ڈیسک)ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ نے عالمی شہرت یافتہ پرتگالی سٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کو فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہےجبکہ رونالڈو بھی کلب چھوڑنا چاہتے ہیں۔ پرتگالی فٹبال ٹیم کے 33سالہ کپتان رونالڈو کی موجودگی میں رئیل میڈرڈ مسلسل 3چیمپئنز لیگ جیت چکا ہے لیکن اب دنیا کے اس معروف فٹبالر کی کارکردگی ویسی نہیں رہی جیسی کلب کو ضرورت ہے۔ فیفا ورلڈ کپ میں ماسوائے ایک گروپ میچ کے ان کی کارکردگی بہت اچھی نہیں رہی اور پرتگال کی ٹیم ناک آئوٹ مرحلے میں ہی فیفا ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی۔ اطالوی کلب جوونٹس رونالڈو کو خریدنے کا خواہاں ہے لیکن رئیل میڈرڈ کی جانب سے لگائی جانے والی 88ملین پونڈ قیمت کی ادائیگی بھی ایک بڑا سوال ہے۔ رونالڈو جب تک کامیاب تھے اور ورلڈکپ سے قبل ان کی مقبولیت عروج پر تھی تو ان کی کمرشل اہمیت بھی زیادہ تھی۔ ورلڈکپ میں ناکامی اوربڑھتی ہوئی عمر ان کیلئے بڑے معاہدے کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ جوونٹس نے رونالڈو کے حصول کی کوششوں کے بارے میں کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی۔ فٹبال حلقوں کے مطابق کسی بھی ٹرانسفر میں رئیل میڈرڈ کے اطمینان کے ساتھ ساتھ رونالڈو کی جانب سے جوونٹس یا کسی اور کلب سے طلب کی جانے والی تنخواہ کا معاملہ بھی اہم ہوگا۔