انڈر19ورلڈکپ/یورپ میں کوالیفائنگ ایونٹ کا آغاز ہوگیا

لندن (نیوز ڈیسک) آئی سی سی 2020ء انڈر19ورلڈکپ میں یورپ کا کوالیفائنگ مرحلہ شروع ہوگیا، ڈویژن 2کوالیفائر کی میزبانی انگلینڈ کررہا ہے، اس میں بیلجیم، ڈنمارک، فرانس، گوئرنسے، اٹلی، نیدرلینڈ، ناروے، اسپین اور سوئیڈن کی ٹیمیں قسمت آزما رہی ہیں، دو برس بعد میگا ایونٹ جنوبی افریقہ میں شیڈول ہے، جس کیلئے کوالیفائنگ مرحلے میں رواں ماہ یورپ کی ٹیمیں جدوجہد کریں گی، یورپ سے میگا ایونٹ میں جگہ بنانے کیلئے 12ٹیموں کے پاس موقع ہوگا، منگل سے شروع ہونے والے ڈویژن کوالیفائر میں 9ممالک شریک ہیں، جس میں سے تین ممالک آئندہ برس شیڈول ڈویژن 1میں جگہ بناسکیں گے، جہاں پر جرسی، آئرلینڈ اور سکاٹ لینڈ موجود ہیں، پھر یہ تمام چھ ممالک یورپ سے ورلڈکپ میں رسائی کیلئے برسرپیکار ہوں گے، 8اگست تک جاری رہنے والے ڈویژن 2کوالیفائر کے میچز ایسیکس میں منعقد کئے جارہے ہی، اس موقع پر آئی سی سی کے ہیڈ آف ایونٹس کرس ٹیٹی کا کہنا ہے کہ انڈر 19ورلڈکپ آنے والے کرکٹرز کیلئے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین پلیٹ فارم ہے، اس وقت موجودہ عالمی کرکٹ کے کئی ٹاپ
کلاس کرکٹرز ماضی میں اسی ایونٹ سے ابھر کر سامنے آئے ہیں، آئی سی سی ریجنل ڈیولپمنٹ مینجر ایڈشنل ورتھ نے کہا کہ ہم کھلاڑیوں کو زیادہ مسابقتی ایونٹس فراہم کرنے کی اپنی ذمے داریوں کو پورا کر رہے ہیں ، اس کا ثبوت اس بار انڈر19ایونٹ کے کوالیفائر میں زیادہ ٹیموں کی شرکت کی صورت سب کے سامنے ہے ہر ریجن کی ڈویژن 1میں کامیابی سمیٹنے والی ٹیم 2020ء کے ورلڈکپ میں شرکت کی اہل بن جائے گی، جہاں پر پہلے سے موجود11ممالک ان کے منتظر ہیں، ان میں آئی سی سی کے فل ممبران آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان، جنوبی افریقہ، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان شامل ہیں، میگا ایونٹ جنوری اور فروری 2020ء میں جنوبی افریقہ میں کھیلا جائیگا، اس کے علاوہ رواں ماہ افریقہ میں بھی ڈویژن2کوالیفائر 19سے28اگست تک شیڈول ہے