سالانہ ایوارڈز، کرکٹرزکو مالامال کرنے کا پلان تیار،تقریب 8 اگست کو ہوگی

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کے سالانہ ایوارڈز کی تقریب 8 اگست کو کراچی میں منعقد ہوگی ،آکشن کمپنی کے تعاون سے ہونیوالی ایوارڈ ز تقریب میں کھلاڑیوں کو مالامال کرنے کا پلان تیارکیاگیاہے جبکہ یادگاری اشیا کی نیلامی بھی کی جائے گی۔بتایاگیاہے کہ سالانہ ایوارڈز تقریب میں بلے باز اور کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ کیلئے فخر زمان مضبوط امیدوار ہیں۔بہترین باؤلر کا انعام حسن علی کے حصے میں آنے کا امکان ہے۔ پاکستان کے نمبر ون آل راؤنڈر کیلئے شاداب خان اور فہیم اشرف میں سخت مقابلہ ہے۔ ایمرجنگ کیٹیگری میں اوپنر امام الحق کا نام سرفہرست ہے۔
تقریب میں کھلاڑیوں کو ٹی ٹونٹی پلیئر آف دی ایئر اورٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈز بھی دئیے جائیں گے۔تقریب کے شیڈول اور ایوارڈ ز کے ساتھ دئیے جانیوالے انعامات کی تفصیلات کو ایک دو روزمیں حتمی شکل دے دی جائے گی۔ذرائع کا کہناہے کہ اس بار بہترین کارکردگی والے کھلاڑیوں کی انعامی رقم میں اضافہ کیاجائے گا۔پی سی بی اس وقت کھلاڑیوں کو مالی طور پر مزید مستحکم کرنے کی پالیسی پر کاربند ہے ،ایک دو روز میں نئے سنٹرل کنٹریکٹس کا اعلان بھی متوقع ہے جس میں کھلاڑیوں کے معاوضے میں ہوشربا اضافہ کیا گیاہے۔سنٹرل کنٹریکٹس کی رقم میں اضافے کے ساتھ ساتھ کارکردگی میں زیادہ انعامی رقم کا ملنا بہترین کارکردگی دکھانے والے کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کا باعث ہو گا جس کے کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔