پائرولو کوئنالِن کوئنون صحت کے لیے جادوئی اثرات رکھتا ہے

لندن: پائرولو کوئنالِن کوئنون (پی کیو کیو) ایک اینزائم کا حصہ ہوتا ہے اور 1975 میں دریافت ہونے والے اس غذائی جزو کو بعض ماہرین نے وٹامِن کی فہرست میں شامل کرنے کی سفارش بھی کی ہے۔پی کیو کیو سے بہت کم لوگ واقف ہیں اور اب ہر روز اس کے زبردست فوائد سامنے آرہے ہیں۔ یہ خلیات کو تازہ کرتا ہے، انہیں توانائی پہنچاتا ہے، اعصاب کو طاقت دیتا ، جسم کی اندرونی سوزش کو ختم کرتا ہے اور کئی امراض سے بچاتا ہے۔ماں کے دودھ، پپیتے، سبزلوبیا، سبز چائے، کیوی، پالک اور ہرے دھنیے میں پی کیو کیو بکثرت پایا جاتا ہے۔ حال ہی میں یونیورسٹی آف کولوراڈو کے ماہرین نے بتایا ہے کہ بالخصوص مردوں میں جگر کی چربی ایک عام کیفیت ہے جو آگے چل کر جگر کو ناکارہ بھی کرسکتی ہے۔ اس کیفیت کو فیٹی لیور ڈِزیز بھی کہا جاتا ہے۔اب ماہرین نے کہا ہے کہ پی کیو کیو سپلمنٹ کا باقاعدہ استعمال اس مرض کو شافی انداز میں دور کرسکتا ہے۔ چوہوں پر کیے گئے تجربات سے ظاہر ہوا ہے کہ پی کیو کیو جگر سے چربی گھلانے میں جادوئی کردار ادا کرتا ہے۔

جسم کو جوان رکھے
اس سے قبل درجنوں تحقیقات سے ثابت ہوچکا ہے کہ پی کیو کیو کئی امراض کو روکنے اور جسمانی تندرستی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ان میں سے ایک اہم فائدہ یہ ہے کہ پی کیو کیو جسمانی اینٹوں یعنی خلیات (سیلز) کو توانا رکھتے ہوئے بدن کی پوری عمارت کو جوان رکھتا ہے۔ پی کیو کیو جسم کے خلیات کو توانائی پہنچاتا ہے اور ان میں ٹوٹ پھوٹ کو روکتا ہے۔

دماغی ٹانک
2016 میں جاپان میں کی گئی ایک تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ پائرولو کوئنالِن کوئنون کا باقاعدہ استعمال عمررسیدہ افراد کی ذہنی صحت کےلیے انتہائی مفید ہے اور یہ دماغ پر بہت اچھے اثرات مرتب کرتا ہے۔

جسم کی اندرونی جلن کو دور کرے
جسم کے اندر سوزش اگر مسلسل ہو تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ جسمانی دفاعی نظام اپنے اندر کسی انفیکشن یا جراثیم سے لڑ رہا ہے۔ تاہم طویل عرصے تک اندرونی جلن، کینسر اور امراضِ قلب کی وجہ بھی ہوسکتی ہے۔ اسی بنا پر جسمانی سوزش (انفلیمیشن) کو کئی بیماریوں کی ماں بھی کہا جاتا ہے جسے نظرانداز کرنا خطرناک ہوتا ہے۔پی کیو کیو چونکہ خلوی سطح پر اثر کرتا ہے، اسی بنا پر پی کیو کیو سپلمنٹ کا استعمال جسمانی اندرونی جلن کو فوری طور پر کم کرتا ہے۔ بعض مطالعات سے ثابت ہوا ہے کہ پی کیو کیو فوری طور پر اثر کرتے ہوئے صرف تین دن میں اپنی تاثیر دکھاتا ہے