اسپین کے روایتی میلے میں وزنی گولے نے ایک شخص کو کچل دیا

میڈرڈ(دوست نیوز)حالیہ برسوں میں اسپین کے مشہورکھیل بل فائٹنگ کے خلاف دنیا بھر میں ہونے والی مخالفت اور احتجاج کے بعد لوگوں نے شہر کی گلیوں اور راستوں پر بیلوں کو تائو دلا کر دوڑانے کا پرانا طریقہ ترک کرتے ہوئے بیلوںکی جگہ بڑے بڑے گولوں کو استعمال کرنا شروع کیا ہے جو بڑی تیزی سے گردش کرتے ہیں اور لوگ اسی طرح اس کے خوف سے بھاگتے بھی ہیں اور اس کے قریب آنے کی کوشش کرتے ہیں جس طرح بیلوں کے ساتھ کیا کرتے تھے۔ تاہم ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ کے نواحی علاقے ماٹائل پینو شہر میں ایک حادثہ پیش آگیا ہے جس میں ایک شخص کچلا گیا اور دوسرے کئی افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق پولیسٹرین سے بنا ہوا 40اسٹون وزنی انتہائی بڑا گولہ کچھ اس تیزی سے گردش میں آیا اور سڑک پر چلنے لگا کہ ایک شخص اس سے کچلا گیا اور دوسرے لوگ بھی زخمی ہوگئے۔ اس کا وزن کلو گرام کے حساب سے 250کلو بتایا جاتا ہے جو بالعموم ایک اوسطاً قد کاٹھ کے بیل کا ہوتا ہے۔