کلثوم نواز کا سفرِ آخرت، نماز جنازہ ادا کر دی گئی

لندن: (دوست نیوز) سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی لندن میں نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔ ان کی نماز جنازہ امام خلیفہ عزت نے اسلامک سینٹر ریجنٹ پارک میں پڑھائی۔
بیگم کلثوم نواز کی نمازِ جنازہ میں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف، حسین نواز، حسن نواز، اسحاق ڈار، چودھری نثار، لیگی کارکن اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ایک اندازے کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی نمازِ جنازہ میں 8 ہزار کے لگ بھگ افراد شریک ہوئے۔
نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد کلثوم نواز کی میت کو ہیتھرو ائیرپورٹ لے جایا جائے گا، جہاں رات دس بجے پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے پاکستان روانہ کیا جائے گا۔
بیگم کلثوم نواز کی میت جمعہ کی صبح چھ بجے لاہور ایئرپورٹ پہنچے گی، شہباز شریف، بیٹی اسماء، پوتا زکریا اور ن لیگ کے کارکنان میت کے ساتھ لاہور آئیں گے۔
شہباز شریف کا لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نواز شریف نے پیرول کے کاغذات پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا تھا، پھر میں نے دستخط کئے، مرحومہ کلثوم نواز کی نمازجنازہ کے بعد میت لے کر پاکستان روانہ ہوں گے۔
انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ نواز شریف اور ان کے بچوں کو صبرِ جمیل دے، اہلیہ کی وفات پر نواز شریف بہت دکھی ہیں، وہ اس صدمے سے انتہائی دکھ میں ہیں، قوم سے درخواست ہے کلثوم نواز کی مغفرت کیلئے دعا کرے۔
صدر مسلم لیگ شہباز شریف نے کہا نواز شریف نے 109 سے زائد پیشیاں بھگتیں، ثبوت کوئی نہیں ملا، نواز شریف اور مریم نواز کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا ازالہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کلثوم نواز نے حالات کا بڑی دلیری سے مقابلہ کیا، جب ہم جیل میں تھے انہوں نے پختہ ارادے سے پارٹی کیلئے کام کیا۔