دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے تربیلا کی صلاحیت میں اضافہ ہو جائے گا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) دیامر بھاشا ڈیم بننے سے تربیلا ڈیم کی صلاحیت میں اضافہ اور زندگی مزید 35 سال بڑھ جائے گی۔ دیگر ڈیمز کی بجلی کی پیداواری صلاحیت بھی بہتر ہو گی۔واپڈا ذرائع کے مطابق دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر پر 12 سے 14 ارب ڈالر لاگت کا اندازہ ہے اور یہ چلاس سے 40 کلومیٹر نیچے دریائے سندھ پر تعمیر کیا جائے گا، ڈیم کی اونچائی 272 میٹر ہو گی،81 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا۔
دیامر بھاشا ڈیم سے مجموعی طورپر 4500 میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی۔ منصوبے کی تکمیل سے تربیلا، غازی بروتھا، جناح ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور چشمہ کے بجلی کے منصوبوں کی پیداوار تقریباً سالانہ 2 ارب 50 کروڑ یونٹس بڑھ جائے گی جبکہ داسو، پتن اور تھاکوٹ پاور پراجیکٹس جیسے مستقبل کے منصوبوں سے بھی مزید ساڑھے7 ارب یونٹس کا اضافہ ہو گا۔منصوبے کی تعمیر کے لیے بین الاقوامی مسابقتی بولی کے ذریعے ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کے5 جوائنٹ وینچرز میں پری کوالیفکیشن بڈز مسابقتی بولی کے ذریعے جمع کرائیں گے جن کا بولی کی دستاویزات، پیپرا رولز اور پاکستان انجینئرنگ کونسل کے قواعد کے مطابق جائزہ لے کر مزید پیشرفت کی جائے گی۔