’عمران خان جرمنی کا دورہ کریں‘، مجھے خوشی ہو گی، میرکل

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلیفون کرتے ہوئے انہیں انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی۔ اس دوران میرکل نے عمران خان کو جرمنی کے دورے کی دعوت بھی دی۔جرمن حکومت کی ایک ترجمان نے ڈوئچے ویلے شعبہ اردو کے نمائندے عرفان آفتاب کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں تصدیق کی کہ یکم اکتوبر کو جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلیفون کیا اور باہمی دلچسپی کے متعدد امور اور کئی بین الاقوامی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس ٹیلیفون گفتگو کے دوران میرکل نے یہ بھی کہا کہ انہیں بہت خوشی ہو گی کہ اگر وزیر اعظم عمران خان اپنی سہولت کے مطابق کسی مناسب موقع پر جرمنی کا دورہ کریں۔
پاکستانی ذرائع کے مطابق عمران خان نے چانسلر میرکل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی جانب سے دی جانے والی دورے کی دعوت قبول کر لی ہے۔ وزیر اعظم خان نے اس موقع پر جرمنی کے ساتھ ایسے دو طرفہ تعلقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا، جو وسیع ہونے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے مفاد میں ہو۔وزیر اعظم خان نے مزید کہا کہ جرمنی یورپ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی ساتھی ہے اور توانائی کے ساتھ ساتھ کار سازی جیسے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے متعدد امکانات موجود ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے پانی سے بجلی پیدا کرنے اور سرمایہ کاری کا بھی تذکرہ کیا۔بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور جرمنی کے روابط کی اہمیت پر زور دیا اور متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔ اس کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر باہمی دلچسپی کے کئی امور پر مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس سے قبل میرکل نے اگست میں عمران خان کو وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے پر تہینتی پیغام ارسال کیا تھا۔ میرکل نے کہا تھا کہ وہ امید کرتی ہیں کہ عمران خان اپنے دور اقتدار میں بااعتماد فیصلوں کے باعث کامیاب رہیں گے۔