میری قید غیر قانونی، عمران خان مدد کریں: عافیہ صدیقی کی اپیل

اسلام آباد: (دوست نیوز) امریکی جیل میں قید پاکستانی خاتون عافیہ صدیقی نے وزیراعظم عمران خان سے رہائی میں مدد کی اپیل کر دی ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط لکھا ہے جو انہوں نے ہوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل کو جیل میں ملاقات کے دوران تھمایا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس خط میں عافیہ صدیقی نے لکھا ہے کہ عمران خان نے ماضی میں میری بہت حمایت کی، اب وزیراعظم بننے کے بعد میری رہائی میں مدد کریں، میں اس قید سے باہر نکلنا چاہتی ہوں، امریکا میں میری سزا غیر قانونی ہے، مجھے اغوا کر کے امریکا لایا گیا تھا۔عافیہ صدیقی نے خط میں لکھا کہ عمران خان پر تنقید کرنے والوں کو اپنی تنقید بند کر دینی چاہیے، انہوں نے ماضی میں غلطیاں کیں مگر اب وہ ویسے نہیں رہے، اسلامی قوانین میں غلطیوں پر توبہ کرنے والے کی غلطیاں معاف کر دی جاتی ہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی کو عمران خان کے حوالے سے شک ہے تو میں اسے مناظرے کا چیلنج دیتی ہوں، عمران خان ہمیشہ سے میرے ہیرو رہے ہیں انھیں اپنے اردگرد موجود منافقین سے محتاط رہنا چاہیے۔