لوکاموڈرک نے رونالڈاور میسی کی 10سالہ حکمرانی ختم کردی

کروشین فیلڈ ر ’’بیلون ڈی اور‘‘ ایوارڈ کے مالک،خاتون فٹبالر ایداہردبرگ بھی فاتح
لندن (سپورٹس ڈیسک) کروشیا اور ریال میڈرڈ کے مڈ فیلڈر لوکا موڈرک نے ’’بیلون ڈی اور‘‘ ایوارڈ 2018اپنے نام کر کے لائنل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کی 10سالہ حکمرانی ختم کر دی، دونوں کھلاڑی گزشتہ 10 برس سے اس ایوارڈ پر قابض تھے ، دونوںنے پانچ، پانچ مرتبہ ایوارڈجیتا۔اس بار پرتگال کے کرسٹیانورونالڈودوسرے ،فرانس کے اینٹوئن گریز مین تیسرے اور کائلیان مباپے چوتھے جبکہ ارجنٹائن کے لائنل میسی پانچویں نمبر پر رہے ۔موڈرک نے کہا میں اس ایوارڈ کو ان تمام کھلاڑیوں کے نام کرتا ہوں جو میسی اور رونالڈو کی وجہ سے ایوارڈ نہیں جیت سکے تھے ۔بہترین نوجوان کھلاڑی کی ریمونڈ کوپا ٹرافی فرانس کے 19سالہ کائلیان مباپے نے جیت لی ،جنہوں نے فٹبال ورلڈکپ کے فائنل میں گول کیاتھا۔اس سال پہلی مرتبہ خواتین فٹبالر کو بھی’’بیلون ڈی اور‘‘ایوارڈ دیاگیا ۔ ناروے اورفرنچ کلب کی فارورڈ 23 سالہ ایدا ہرد برگ بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہیں۔