سعودی عرب میں عنقریب اِن ممالک کے شہریوں کو ملے گی “الکٹرونک ویزا” کی سہولت

سعودی عرب میں داخلے کے لیے ای ویزا (الیکٹرونک ویزا) کے نئے نظام نے دنیا بھر میں کار ریس کے شائقین کے لیے ریاض کے صوبے میں الدرعیہ کے مقام پر تین روز تک منعقد ہونے والی “فارمولا ای” ریس سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا۔مملکت میں اسپورٹس کی جنرل اتھارٹی کے نائب سربراہ شہزادہ عبدالعزيز بن تركی الفیصل نے باور کرایا ہے کہ ای ویزا (الیکٹرونک ویزا) کے لیے بہت بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الدرعیہ میں فارمولا ای ریس کے ایونٹ میں کامیابی کے بعد اب ای ویزا کے موضوع کو زیر غور لایا جائے گا۔الدرعیہ میں فارمولا ای ریس اور اس کے ساتھ ضمنی سرگرمیوں کے سلسلے میں 80 ممالک کے 1000 کے قریب غیر ملکیوں نے ای ویزا حاصل کیا۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں داخلے کے لیے جلد ہی ای ویزا کی سہولت دستیاب ہو گی۔ اس سے قبل سعودی عرب کا شمار اُن ممالک میں ہوتا تھا جہاں کا دورہ کرنے کے لیے ویزے کا حصول مشکل ترین امر ہے۔ اس لحاظ سے یہ ایک بڑی اور انقلابی پیش رفت ہو گی۔اگرچہ الکٹرونک ویزا حاصل کرنے کے اہل ممالک کی حتمی فہرست ابھی جاری نہیں کی گئی ہے تاہم سعودی عرب کے ایک اعلان کے مطابق eVisa کی سہولت امریکا، آسٹریلیا، جاپان، جنوبی کوریا، جنوبی افریقا، برونائی، ملائیشیا، سنگاپور اور تائیوان کے شہریوں کو حاصل ہو گی۔ توقع ہے کہ اس فہرست میں مزید ممالک کا اضافہ کیا جائے گا۔
اس ویزے کے حصول کے لیے سعودی عرب میں eVisa کی ایپلی کیشن کے ذریعے انٹرنیٹ کو استعمال کرتے ہوئے چند منٹ درکار ہوں گے۔ ویزے کے لیے درخواست دہندگان کو چند بنیادی تقاضوں کو پورا کرنا ہو گا۔ لہذا ویزے کے لیے سفارت خانے یا قونصل خانے جانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ درخواست کی منظوری کے بعد ویزے کو ای میل کے ذریعے سفر کا ارادہ رکھنے والوں کو ارسال کر دیا جائے گا۔ بعد ازاں مسافر کو اس ای ویزا کا صرف ایک پرنٹ آؤٹ نکال کر اپنے پاس رکھنا ہو گا تا کہ سعودی عرب پہنچنے پر متعلقہ حکام کو پیش کیا جا سکے