محترمہ بینظیر بھٹو کی11ویں برسی آج منائی جارہی ہے

لاڑکانہ:دخترمشرق، شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کی 11ویں برسی آج عقیدت واحترام سے منائی جا رہی ہے۔سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی بیٹی سیاست کے میدان میں آئی اور پھر چھا گئی، عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کر کے بینظیر بھٹو نے سیاست کے ایوانوں میں اپنا سکہ منوایا اور مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی شہادت کو 11برس بیت گئے،آج ملک بھر میں بینظیر بھٹو شہید کی برسی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے۔مرکزی اجتماع گڑھی خدا بخش بھٹو لاڑکانہ میں ہوگا،جس کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔کراچی سمیت مختلف شہروں سے قافلے لاڑکانہ پہنچ رہے ہیں،گڑھی خدا بخش میں جلسے کیلئے تیاریاں بھی جاری ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری،شریک چیئرمین آصف علی زرداری، آصفہ بھٹو زرداری سمیت پارٹی کے سینئر رہنما جلسے سے خطاب کریں گے۔برسی کے موقع پر سیکیورٹی کیلیے پولیس اور رینجرز کے علاوہ سادہ لباس اہلکار بھی تعینات کئے جائیں گے۔اُدھر سندھ حکومت نے بے نظیر بھٹو کی برسی پر عام تعطیل کا اعلان کررکھا ہے