دنیا کے خوبصورت میوزیم۔۔رابعہ شیخ

دنیا میں عجائبات کی کمی نہیں، عجائبات بھی ایسے جنہیں دیکھ کر آنکھیں دنگ رہ جائیں۔ ان تاریخی عجائبات کو میوزیم (عجائب گھروں) میں رکھا جاتا ہے۔ صدیوں سے دنیا بھر کے میوزیم میں ایک ہی چھت کے نیچے مختلف ادوار کی تہذیب وتمدن اور ان سے وابستہ دیگر معلومات متجسس لوگوں کی تشنگی دور کررہی ہوتی ہیں۔ میوزیم میں موجود قدیم چیزیں تو لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرواتی ہی ہیں لیکن کچھ ایسے میوزیم بھی موجود ہیں، جو اپنی ڈیزائننگ اور تعمیراتی فن کے سبب دنیا بھر میں کافی مشہور ہیں۔ یہاں داخلے سے قبل ہی عمارت کا آسمان کو چھوتا، حجم میں بڑا اور خوبصورت سا انداز آپ کو ورطہ حیرت میں ڈال دیتا ہے۔
آج ہم آپ سے چند ایسے ہی میوزیم کی تعمیراتی خصوصیات شیئر کرنے جارہے ہیں، جن سے متعلق جاننے کے بعد آپ بھی داد دیئے بغیر نہیں رہ پائیں گے۔

گگین ہیم میوزیم(اسپین)

دنیا کے خوبصورت میوزیم
اسپین کی خوبصورت ترین عمارتوں میں سےایک گگین ہیم میوزیم بھی ہے۔ یہ خوبصورت میوزیم اسپین کے شہربلباؤ میں دریائے نرون کے کنارے ایک منفرد اور عجیب وغریب تعمیراتی انداز لیے واقع ہے۔ امریکن آرکیٹیکٹ فرینک جیری کی جانب سے اس خوبصورت میوزیم کو ڈیزائن کیا گیا۔ اس میوزیم کا ڈیزائن اس طرز کا ہے، جیسے کسی کشتی (Boat) پر خوبصورت پھول کھلا ہو۔ اس میوزیم کے ایکسٹیریئر کے لیے ٹائی ٹینیم،لائم اسٹون(چونے کا پتھر)اور گلاس (شیشے) کاخاص استعمال کیا گیا ہے۔ گگین ہیم میوزیم کا افتتاح 1997ء میں کیا گیا تھا، افتتاح کے بعد سے ہی یہ میوزیم بلباؤ کی معیشت کو فروغ دینے کا سبب بن رہا ہے ۔

اسلامک آرٹ میوزیم (قطر)

دنیا کے خوبصورت میوزیم
قطر کا اسلامک آرٹ میوزیم اسلامی فنونِ لطیفہ کے شاہکار کی ایک واضح مثال ہے۔قطر کے اسلامک آرٹ میوزیم کومشرق وسطیٰ کےسب سے بڑے اور معیاری عجائب گھر کی حیثیت حاصل ہے، جو قطر کے دارالحکومت دوہا میں واقع ہے۔ اس خوبصورت میوزیم کا ڈیزائن پرزکرپرائز وننگ آرکیٹیکٹ I.M. Peiنے بنایا ہے۔ اس میوزیم کی پانچ منزلہ عمارت کئی ایکڑ پر پھیلی ہوئی ہے، جو بذات خود فن تعمیر کا ایک عظیم شاہکار ہے۔ اس میوزیم میں بلند گنبدبنایا گیا ہے، جو د ن کے وقت سورج کی روشنی اندر کی جانب منتقل کرتا ہے۔ میوزیم میں موجود تقریباً 45میٹراونچی کھڑکیاںباہر کا مکمل اور خوبصورت منظر پیش کرتی ہیں۔2008ء میں اس میوزیم کا افتتاح کیا گیا تھا۔

ڈیجیٹل آرٹ میوزیم (جاپان)

دنیا کے خوبصورت میوزیم
اگر آپ آرٹ کے دلدادہ ہیں تو جاپان کےڈیجیٹل میوزیم کی سیر ضرور کیجیے ۔جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے ضلع ادیبہ میں واقع دنیا کے پہلےڈیجیٹل آرٹ میوزیم کا افتتاح چند ماہ قبل ہی کیا گیا ہے۔یہ آرٹ میوزیم ایک لاکھ سات ہزار اسکوائر فٹ رقبے پر محیط ہے۔ ڈیجیٹل میوزیم کو حقیقت بنانے کا سہرا موری بلڈنگ گروپ اور ٹیم لیب کے ماہرین اور دیگر آرٹ ماہرین کو جاتا ہے۔ ڈیجیٹل آرٹ پر مبنی فن پاروں کو 520کمپیوٹرز اور 470 پروجیکٹرز کے ذریعے نمائش کیلئے رکھا گیا ہے۔ یہ میوزیم آرٹ کے دلدادہ افراد کیلئے ایک خوبصورت تعمیر ہے، جہاںانٹرایکٹو تیکنیک کے استعمال سے تصویر دیکھنے والا اس کا حصہ بن جاتا ہے۔ کہیں بہتے جھرنے اور کہیں جنگل کی سیر، چھونے پر جیسے منظر ہی تبدیل ہو جاتا ہے۔

آیا صوفیہ (ترکی)

دنیا کے خوبصورت میوزیم
ترکی کے دارلحکومت استنبول میں واقع آیا صوفیہ(Hagia Sophia) میوزیم بھی اپنی مثال آپ ہے۔ انگریزی میں کبھی کبھار اسے سینٹ صوفیہ بھی کہا جاتا ہے۔ 1985ء میں یونیسکو کی جانب سے اس میوزیم کو عالمی ثقافتی ورثے کا درجہ دیا جاچکا ہے۔ میوزیم بننے سے قبل یہ عمارت مسجد اور اس سے بھی قبل آرتھوڈوکس گرجا گھر کے طور پر جانی جاتی رہی ہے۔ 1934ء میں جدید ترکی کے بانی مصطفیٰ کمال اتا ترک نے آیا صوفیہ کو میوزیم کا درجہ دیا، اس کے بعد تزئین و آرائش کا کام بھی کیا گیا۔ آیا صوفیہ کو قیصر قسطنطنیہ نے 360ھ میں تعمیر کروایا تھا۔ یہ ایک زمانے میں سلاطین عثمانیہ کا محل رہا ہے اور اس سے پہلے بازنطینی حکمرانوں کا قلعہ تھا۔