غیر یورپین لوگوں کو بھی اسپین نیشنلٹی پانچ سال کے بعد دے،کاتالان پارلیمنٹ میں قرارداد لائیں گے،اوریل اماروس

بارسلونا(دوست نیوز)غیر یورپین باشندے جو اسپین میں مقیم ہیں اور قانونی طور پر زندگی بسر کر رہے ہیں ان کو دیگر یورپی ممالک کی طرح پانچ سال بعد اسپانش نیشنلٹی دی جائے،ان خیالات کااظہار سیکرٹری امیگریشن اوریل اماروس نے پاکستانی کمیونٹی کے وفد سے ایک ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ جو ممالک اسپین کے زیر تسلط رہے ہےں ان کے باشندوں کو دوسال بعد اور جو دیگر غیر یورپین افراد جن میں خاص طور پر ایشیائی ممالک شامل ہیں کو دس سال کےبعد نیشنلٹی کے لئے قبول کیا جاتا ہے۔جو سراسر غلط اور انسانی حقوق کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت اسکیراریپبلیکانا جلد کاتالان پارلیمٹ میں یہ قرارداد لا رہی ہے جس میں مرکز سے یہ مطالبہ کیا جائے گا کہ تمام ممالک کے افراد کو پانچ سال بعد اسپین کی نیشنلٹی دی جائے ۔