پاکستانی وکشمیری کمیونٹی کے زیر اہتمام 16 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کا پروگرام،وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خطاب فرمائیں گے، راجہ مختار سونی

بارسلونا(نمائندہ دوست)وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر 16 فروری کو بارسلونا میں ہونے والے یوم یکجہتی کشمیر کے پروگرام میں خصوصی شرکت کریں گے اور پاکستانی وکشمیری کمیونٹی کے جلسہ عام سے خطاب فرمائیں گے۔ ان خیالات کااظہار ندائے کشمیر ایسوسی ایشن کے صدر راجہ مختار سونی نے نمائندہ دوست سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہو ں نے مزید کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کا پروگرام پاکستانی وکشمیری کمیونٹی مل کر اہتمام کر رہی ہے۔ جس میں مقامی اسپانش سیاسی پارٹیوں کے نمائندے اور ممبران پارلیمنٹ شرکت کریں گے۔یوم یکجہتی کشمیر کے پروگرام کی صدارت قونصل جنرل چوہدری عمران علی کریں گے۔
راجہ مختار احمد سونی نے کہا یوم یکجہتی کشمیر کا پروگرام 16 فروری ہفتہ سہ پہر ساڑھے چار بجے لارامبلہ نمبر 10 یو جی ٹی ہال میں ہوگا۔یو جی ٹی ہال تک پہنچنے کے لئے میٹرو نمبر تین کا اسٹاپ داراسانس کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔راجہ مختار سونی نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کو دنیا بھر میں ننگا کرنے کے لئے یورپ بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کے پروگرامز منعقد کیا جا رہے ہیں۔ اور بارسلونا میں ہونے والا یکجہتی کشمیر کا پروگرام بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ راجہ مختار احمد سونی نے بارسلونا اسپین میں بسنے والے تمام کشمیری وپاکستانیوں سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ اس پروگرام میں شرکت فرماکر اپنے نہتے اور بے یارو مددگار کشمیری بھائیوں کے ساتھ اخلاقی اور سماجی طور پر کھڑے ہوں۔