بارسلونا چیمبر آف کامرس کے انتخابات،رامون ماسیا گروپ کے امیدواروں کا باقاعدہ اعلان،چوہدری ثاقب طاہر بھی شامل

بارسلونا(دوست نیوز)دو مئی سے سات مئی تک ہونے والے بارسلونا چیمبر آف کامرس کے انتخابات کے لئے میدان میں اترنے والے چاروں گروپس نے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا۔ رامون ماسیا گروپ نے گزشتہ روز ایک پروقار تقریب میں اپنے امیدواروں کا اعلان کیا اور انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کومیڈیا کے سامنے پیش کیا۔ رامون ماسیا گروپ میں پاکستانی ، بھارتی اور چائنا سے بھی ایک ایک بزنس مین کو شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے معروف بزنس مین چوہدری ثاقب طاہر کو Others کی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔
گروپ لیڈر رامون ماسیا نے تقریب میں مقبول اخبار کے صحافی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے گروپ کا مقصد بارسلونا میں کاروباری افراد اور اداروں کو مضبوط بنانا ہے اور بارسلونا چیمبر آف کامرس کو انٹرنیشنل سطح پر متعارف کرانا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم نے اپنے گروپ میں دیگر ممالک کے افراد کو بھی شامل کیا ہے۔ یہ وہ ممالک ہیں جن کے باشندے بارسلونا کاتالونیا کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔اور ان ممالک کے ساتھ کاتالونیا اسپین بہترین تعلقات اور کاروبار کو بڑھاوا دے سکتے ہیں۔ رامون ماسیا نے کہا کہ اگر ہمارا گروپ جیت جاتا ہے اور ہمیں بارسلونا چیمبر آف کامرس کی بھاگ دوڑ ملتی ہے تو ہماری پہلی کوشش ہو گی کہ ہم بارسلونا میں بزنس کو نئی ٹیکنالوجی اور نئے انداز سے چلائیں ۔جس کے لئے ہم نے روڈ میپ بنا لیا ہے ہم بارسلونا چیمبر آف کامرس کے ڈھانچے کو یکسر تبدیل کردیں گے۔
رامون ماسیا نے کہا کہ اس وقت نوجوانوں کو کام اور کمپنیز کو ورکر نہیں مل رہے یہ کمپنیز اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط اور تعلیمی طریقہ کار میں فرق کی وجہ سے ایسا ہو رہا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ جو نوجوان تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ان کے آخری سال کو مختلف کاروباری کمپنیز میں پریکٹیکل کرائیں گے تاکہ تعلیم سے فارغ ہونے کے بعد کمپنی اور نوجوان کے درمیان کم فاصلہ ہو اور ایک اچھا تعلیم یافتہ نوجوان کمپنی کو میسر ہو اور نوجوان کو ایک اچھی ملازمت ملے۔
افتتاحی تقریب میں رامون ماسیا کی کتاب کی رونمائی بھی ہوئی ۔دیگر امیدواروں نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارسلونا چیمبر آف کامرس کے انتخابات میں حصہ لینے پر خوشی ہے اور امید کرتے ہیں کہ ہم بارسلونا کو کاروبار میں انٹر نیشنل سطح پر لے کر جائیں گے۔ پاکستانی بزنس مین چوہدری ثاقب طاہر نے کہا کہ بارسلونا چیمبر آف کامرس کے انتخاب میں کامیابی ملنے پر پاکستانی کمیونٹی کے کاروباری مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے اور کمیونٹی کو کاروبار کے نئے رجحانات کی جانب لے کر جائیں گے۔