یوم پاکستان کا پروگرام شایان شان منایا جائے گا،کاتالان فیڈریشن

بارسلونا(دوست نیوز) پی ٹی آئی اسپین، پاک کاتالان فیڈریشن اور اردو دوست کے زیر اہتمام ہونے والا یوم پاکستان کا پروگرام ملی و قومی جوش وجذبہ کے ساتھ منایا جائے گا۔ ان خیالات کااظہار پاک کاتالان فیدریشن کے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں صدر کاتالان فیڈریشن خالد شہباز چوہان،سابق صدر چوہدری واصف نذیر بجاڑ،سینئر نائب صدر چوہدری عدنان عدیل دھوتڑ،راجہ نعمان، چوہدری ناصر وڑائچ، چوہدری شیرازشریک ہیں۔
اس موقع پر مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے ممبران نے کہا کہ یوم پاکستان کا پروگرام پاکستانی کمیونٹی کا مشترکہ اور اتحاد کا مظہر پروگرام ہوگا۔ پاکستان کے قومی دن پاکستانی تنظیمات اور فیڈریشنز کے پلیٹ فارم سے منائے جاتے رہے ہیں اور آئندہ بھی منائے جائیں گے۔ یوم پاکستان کے پروگرام میں بارسلونا کی تمام ایسوسی ایشنز ، فیڈریشنز،مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کو دعوت دی جائے گی اور تمام سماجی وسیاسی اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جائے گا ۔پاکستان کے موجودہ حالات کے پیش نظر یہ وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے کہ ہم سمندر پار پاکستانی اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کریں اور اپنے قومی دن کو شایان طریقہ سے منائیں۔
یوم پاکستان کا پروگرام 23 مارچ ہفتہ کی سہ پہر چار بجے بارسلونا سنٹر کے خوبصورت ہال میں ہوگا ۔جس میں مقامی سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کے علاوہ دیگر مہماناں گرامی بھی شرکت کریں گے۔