یوم پاکستان بھرپور انداز میں منائینگے، مہاتیرمحمد مہمان خصوصی ہونگے، آئی ایس پی آر کا نیا پرومو جاری

راولپنڈی (نمائندہ دوست)ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا ہےکہ 23مارچ کو یوم پاکستان بھرپوراندازمیں منایاجائےگا ، ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیرمحمد یوم پاکستان پریڈمیں مہمانان خصوصی ہوں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سےیوم پاکستان پریڈ کے حوالے سے” دل دل پاکستان کی آوازپاکستان زندہ باد ‘‘ کے عنوان سے نیا پرومو جاری کر دیا گیا ہے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آذربائیجان کے وزیردفاع کرنل جنرل ذاکرحسن اوف بھی یوم پاکستان کی تقریب میں شریک ہوں گے جبکہ بحرین فوج کے کمانڈر جنرل شیر محمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور سلطنت آف عمان کے سرکاری عہدیداران بھی یوم پاکستان پریڈ میں شرکت کریں گے۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر آذربائیجان اور سعودی عرب کے فوجی دستے پریڈ میں شرکت کریں گے، آذربائیجان ،بحرین، سعودی عرب اور سری لنکا کا پیراٹروپرز فری فال جمپ کامظاہرہ کریں گے جبکہ ترکی کے ایف 16 اور چین کے جے 10 طیارے فضائی کرتب دکھائیں گے۔واضح رہے کہ بھارت کی طرف سے کسی بھی وقت جارحیت کے سنگین خطرے کے باوجود پاکستان کی سول وعسکری قیادت نے 23 مارچ کو یوم پاکستان ہر قسم کی قیاس آرائیوں کے باوجود منعقد کرنے کا حتمی فیصلہ کیا ۔23 مارچ کی پریڈ کیلئے فروری کے اوائل سے ہی فوجی دستے توپیں اور عسکری سازوسامان اسلام آباد کے گرائونڈ میں پہنچنا شروع ہو جاتا ہے مگر اس بار ہنگامی صورتحال کی بنا پر پاکستان کی مسلح افواج صرف دس یوم میں انہونی کو ہونی کر دکھائیں گی اور 23 مارچ کو مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ بڑی شان وشوکت کے ساتھ منعقد ہوگی۔