بادالونا شاہین کرکٹ کلب کی پانچویں سالگرہ کی تقریب،کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی گئی

بارسلونا(دوست نیوز)بادالونا شاہین کرکٹ کلب کی پانچویں سالگرہ کی تقریب اسکائی ویز ریسٹورنٹ پر ہوئی، جس کے مہمان خصوصی معروف بزنس مین چوہدری امانت حسین مہرتھے، جبکہ قونصل جنرل عمران علی چوہدری، حافظ عبدالرزاق صادق اور میئر بادالونانے خصوصی شرکت کی۔
کلب کی 5ویں سالگرہ کے موقع پر کلب کی گزشتہ سال کی کارکردگی بتائی گئی اور مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور شیلڈز دی گئیں۔ اس موقع پر کلب کے صدر سجاول خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم ان تمام دوستوں کے مشکور ہیں جن کی وجہ سے یہ کلب اپنے اخراجات پورے کر رہا ہے اور ہم ان والدین کے بھی مشکور ہیں جو اپنی اولاد کو مثبت سرگرمیوں پر حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
چوہدری ثاقب علی نے کہا کہ بادالونا میں کرکٹ کے فروغ میں ہمارے کلب نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔اور نوجوانوں کو کھیل کی جانب راغب کیا ہے۔دیگر مقررین نے بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے ذریعے آپ لوگ پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
مہمان خصوصی چوہدری امانت حسین مہر نے اپنے خطاب میں میئر بادالونا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کی وجہ سے ہمارے بچوں کو کھیلنے کے میدان میسر ہیں۔ چوہدری امانت حسین مہر نے کہا کہ کرکٹ صرف ایک کھیل نہیں ہے بلکہ یہ میرا جنون ہے اور میں اس جنون کو اپنے نوجوانوں میں منتقل کرنا چاہتا ہوں ۔یہ بچے جب بھی مجھے آواز دیتے ہیں میں حاضر ہو جاتا ہوں۔
بادالونا شاہین کی 5ویں سالگرہ کے موقع پر اور اس تقریب کو یاد گار بنانے کے لئے قونصل جنرل عمران علی چوہدری ، میئر بادالونا ،چوہدری امانت ھسین مہر کو یاد گاری شیلڈز اور شرٹ دی گئیں۔
بعدازاں پروجیکٹر پر بادالونا شاہین کے کھلاڑیوں کی کارکردگی اور مختلف تصاویر دکھا ئی گئیں۔اور تمام مہمانوں کو پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔