دنیا میں پہلی 5 جی انٹرنیٹ سروس کا آغاز

انٹرنیٹ صارفین کو بڑی بے صبری سے 5 جی کا انتظار ہے تاہم چین کے شہر شنگھائی میں اس سروس کا آغاز کردیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق 5 جی سروس شنگھائی کے ڈسٹرکٹ ’ہینگ کو‘ میں شروع کی گئی، یہ علاقہ شہر کا تجارتی مرکز ہے، ’ہینگ کو‘ دنیا کا پہلا ڈسٹرکٹ بن گیا جہاں فائیو جی سروس کا آغاز کیا گیا۔فائیو جی سیلولر ٹیکنالوجی کی نئی جنریشن ہے، جس کی ڈاﺅن لوڈ اسپیڈ فور جی ایل ٹی ای نیٹ ورک کے مقابلے میں 10 گنا زیادہ ہے۔
ہینگ کو میں ہفتے کے روز باضابطہ طور پر 5 جی سروس کا آغاز کردیا گیا، علاقے میں فائیو جی کوریج کو یقینی بنانے کیلئے 3 ماہ پہلے ہی بیس اسٹیشن قائم کر دیئے گئے تھے۔فائیو جی سروس کی افتتاحی تقریب کے دوران شنگھائی کے نائب میئر وو چنگ نے نیٹ ورک پر پہلی فائیو جی ویڈیو کال کی، اس موقع پر چین کے مقامی ٹیلی کام اور انڈسٹری ریگولیٹر ادارے شنگھائی میونسپل اکنامک اینڈ انفارمیشنائزیشن کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر ژینگ جیا منگ کا کہنا تھا کہ رواں سال کے آخر تک شہر میں 10 ہزار بیس اسٹیشن تعمیر کئے جائیں گے اور 2021ء تک ان کی تعداد 30 ہزار تک لے جائی جائے گی