سماجی پلیٹ فارم بارسلونا کوم تو کا انتخابی جلسہ،میئر کے امیدوار دانیال اور خالد شہباز چوہان کا خطاب ،عوام کی بڑی تعداد میں شرکت

بارسلونا(دوست نیوز)بارسلونا میں 28 مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی پری انتخابی مہم زور وشور سے جاری ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں اور سماجی پلیٹ فارم اپنا سیاسی ایجندا عوام کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز بارسلونا میں تبدیلی کا نعرہ لگانے والے سماجی پلیٹ فارم (بارسلونا کوم تو BCN COM TUپلاتا فورما(نے بڑا سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا۔
سماجی پلیٹ فارم کے سربراہ اور بارسلونا کے میئر کے امیدوار ایڈووکیٹ دانیال نے اپنے خطاب میں بارسلونا کو دنیا کا جدید شہر بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بارسلونا ایک انٹرنیشنل سٹی ہے لیکن اس کے حاکموں نے توجہ نہیں دی۔ انہو ں نے کہا کہ اگر عوام موقع دیتی ہے تو ہمارا پلیٹ فارم بارسلونا کو جدید دنیا میں ایک منفرد شہر کے طور پر کھڑا کر دے گا۔ انہو ں نے مختلف ویڈیوز کے ذریعے اپنا ایجنڈااور بارسلونا کو جدید بنانے کا پلان بھی بتایا۔

انتخابی جلسہ میں دیگر رہنماوں نے بھی مختصر خطاب کیا اور بارسلونا کے مختلف ناکام پراجیکٹ اور خامیوں کا تذکرہ کیا۔ اور کہا کہ اگر ہمیں بارسلونا کی حکومت ملتی ہے تو ہم کاروبار کے مواقع وسیع کریں گے، عام افراد کی سہولیات کو بہم پہنچائیں گے۔ تعلیم، صحت اور معاشیات ہماری اولین ترجیح ہوگی۔
سماجی پلیٹ فارم بارسلونا کوم تو BCN COM TUپلاتا فورما کے پاکستانی نژاد اسپانش رہنما خالد شہباز چوہان نے اپنے خطاب میں کہا کہ بارسلونا جس طرح دنیا میں ایک مقام رکھتا ہے اسی طرح دکھانے کے لئے ہم دن رات ایک کر دیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان، بنگلہ دیش ،بھارت اور دیگر ایشیائی ممالک کے افراد بارسلونا کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ہمارا پلیٹ فارم ان کی تجارتی اور کاروباری مسائل کو حل کرنے کی کوشش کے ساتھ ساتھ جدید طرز پر کاروبار کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔ انہو ں نے کہا کہ تارکین وطن کے مسائل اور حکومتی عدم توجہی کی وجہ سے تارکین وطن گوں مگوں کی صورت حال سے دوچار ہیں ۔جن کے تحفظات کو دور کرنا ہمارے پلیٹ فارم کی ترجیحات میں شامل ہے۔


جسلہ عام میں خالدشہباز چوہان کی حمایت میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد جس میں چوہدری عدنان عدیل دھوتھڑ اپنے تمام دوستوں کے ساتھ ، پروفیسر طاہر عظیم، پروفیسر آفتاب ،ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین کے صدر کامران خان، معروف بزنس مین محمد سلیمان گوندل،مسلم لیگ نون اسپین کے رہنما حاجی راجہ اسد حسین ، چوہدری محمد ادریس اور دیگر احباب نے شرکت کی۔
جلسہ کے اختتام پر بارسلونا کوم تو کا ملی نغمہ بھی پیش کیا گیا جس پر ہال تالیوں سے گونجتا رہا۔