فٹبال چیمپئنز لیگ: بارسلونا نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو ہرا دیا

میڈرڈ: (دوست نیوز) فٹبال چیمپئنز لیگ سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہو گیا، بارسلونا نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو ہرا دیا، سپر سٹار میسی کے دو گول سے مینیوز کا بوریا بستر گول ہوگیا، کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم یووینٹس حریف آئیکس سے ہار کر باہر ہو گئی۔
چیمپئنز لیگ کے سیکنڈ لیگ میں سپر سٹار لیونل میسی نے برتری کی دھاک بٹھائی، سولہویں اور پھر بیسویں منٹ میں گول کر کے بڑی جیت کی بنیاد رکھی۔دوسرے ہاف میں بارسا کے کھلاڑی چھائے رہے، حریف مینیوز بے بس نظر آئے۔ اکسٹھویں منٹ کونٹینہو نے گیند کو جال میں ڈال کر کمال دکھایا، میچ میں تین صفر سے کامیابی حاصل کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی، سٹار سے بھری مانچسٹر یونائیٹڈ کی ایونٹ سے چھٹی ہو گئی۔دوسرے میچ میں مایہ ناز سٹرائیکر رونالڈو کی ٹیم یووینٹس ہار کر باہر ہوگئی۔ چیمپئنز لیگ کے سیکنڈ لیگ میں نوجوان کپتان ڈی لائٹ کی ٹیم آئیکس نے جیت کر سیمی فائنل کی راہ لی، پانچ بار کے فاتح کرسٹیانو رونالڈو کے گول کا رول ضائع ہو گیا۔ بڑے ایونٹ کے دونوں بڑے میچز سے فٹبال دیوانے بے حد محظوظ ہوئے۔