حوالہ ہنڈی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، 2 منی ایکسچینج پر چھاپے

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی اور منی لانڈرنگ کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے کرنسی ایکسچینجز کے 2 دفاتر پرچھاپے مار کر لاکھوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی اور کروڑوں روپے برآمد کرلیے۔ایف آئی اے سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اسلام آباد کے بلیو ایریا اور ایف 10 مرکز میں منی ایکسچینج کمپنی کی 2 شاخوں پر چھاپے مارے گئے۔ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد سرکل فخر سلطان وصال نے بتایا کہ اسلام آباد کے بلیوایریا میں قائم کی پراچا کرنسی ایکسچینج لائسنس کےبغیر کام کر رہی تھی جس کے باعث ریکارڈ، غیرملکی و پاکستانی کرنسی قبضہ میں لے لی گئی۔
مذکورہ کرنسی ایکسچینج کی برانچ سے9 ہزار 960 سعودی ریال ایک ہزار یورو، 2 ہزار 640 پاؤنڈز 31 سو آسٹریلین ڈالرز، 5 ہزار 30 امریکی ڈالر، 6 ہزار 335 اماراتی درہم، 100 قطری ریال، 401 چینی یو آن اور 24 لاکھ 700 روپے برآمد کیے گئے۔اس کے ساتھ انٹرنیشنل ایکسچینج کمپنی کیٹ بی پر بھی چھاپا مارا گیا جو لائسنس ہولڈر تھی.چھاپے کے دوران ایکسچینج مالک اور ملازمین کے موبائل فون، رسیدوں اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی گئی جبکہ مزید تحقیقات کے لیے ایکسچینج کا کمپیوٹر بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد سرکل فخر سلطان وصال کے مطابق دونوں کرنسی ایکسچینجز کےمالکان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔