پرتگال: بس حادثے میں متعدد جرمن شہری ہلاک

پرتگال کے جزیرے مادیرا پر سیاحوں کی ایک بس حادثے کا شکار ہونے کے نتیجے میں کم از کم انتیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر تعداد جرمن شہریوں کی ہے۔پرتگالی دارالحکومت لزبن سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق بدھ سترہ اپریل کی شام پیش آنے والے ایک حادثے میں انتیس افراد ہلاک جبکہ تقریباﹰ درجنوں دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ بس کے ڈرائیور اور مقامی ٹریول گائیڈ سمیت دیگر زخمی افراد کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پرتگال کے صدر مارسیلو ریبیلو کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام سیاح غیر ملکی اور جرمن شہری تھے۔ اتنی زیادہ ہلاکتوں پر پرتگال کے وزیر اعظم انٹونیو کوسٹا اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل دونوں نے گہرے افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔
جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ہلاک شدگان کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔ چانسلر میرکل نے پرتگالی حکام کی جانب سے اس ہنگامی صورت حال میں فوری کارروائی کرنے کے لیے شکریہ بھی ادا کیا۔سیاحوں کی اس بس پر پچاس سے زائد افراد سوار تھے۔ جرمن سیاحوں سے بھری یہ بس ایک خطرناک موڑ کاٹتے ہوئے سڑک سے پھسل کر نیچے ایک گھر پر جا گری تھی۔