کینیڈا نے کاتالان لیڈر کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی

کینیڈین حکام نے ہسپانوی علاقے کاتالونیا کے علیحدگی پسند لیڈر کارلیس پوج دیمونت کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دی۔ وہ اپریل کے اوائل میں کینیڈین فرانسیسی زبان والے علاقے کیوبک کا دورہ کرنے والے تھے۔ پوج دیمونت کے وکلاء نے اوٹاوا حکومت کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کر دیا ہے۔ اس مناسبت سے کیوبک کی آزادی پسند سیاسی تحریک سینٹ ژاں باپٹسٹ سوسائٹی نے اپنے ایک بیان میں کینیڈین حکومت کے اس فیصلے کو انتہائی شرمناک قرار دیا ہے۔ سوسائٹی کے صدر میگزیمے لاپور کا کہنا ہے کہ اس کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ پوج دیمونت جلد از جلد کیوبک کا دورہ کریں۔ کاتالان لیڈر آج کل برسلز میں جلاوطنی کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔