راول پنڈی میں وزیراعظم”ماں بچہ اسپتال“ کا سنگ بنیاد رکھیں گے

وزیراعظم عمران خان کل بروز جمعہ راولپنڈی میں ماں بچہ اسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔200 بیڈز کےاسپتال کی تعمیر دو سال کی مدت میں مکمل کی جائے گی۔ وزیراعظم کی آمد پر راولپنڈی کے ینگ ڈاکٹرز نے بھی احتجاج کا عندیہ دے دیا۔ماں اور بچوں کے علاج کیلئے راولپنڈی میں جدید اسپتال کا سنگ بنیاد کل رکھا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان تقریب سے خصوصی خطاب کریں گے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیر ریلوے شیخ رشید اور وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ بھی شریک ہوں گے۔
دو سو بیڈز کے اسپتال کی تعمیر پر پانچ ارب 94 کروڑ روپے سے زائد اخراجات آئیں گے۔منصوبے کی تکمیل کیلئے دو سال کی مدت مقرر کی گئی ہے۔اسپتال مکمل ہونے سے روزانہ 1500 خواتین کا علاج ممکن ہوگا۔دوسری جانب راولپنڈی کے تینوں سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز، نرسنگ اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی ہڑتال کو ایک ہفتہ مکمل ہوگیا۔ تینوں اسپتالوں میں او پی ڈی میں مریضوں پرعلاج کے دروازے بند ہیں۔ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے وزیراعظم کی راولپنڈی آمد کے موقع پر احتجاج کا عندیہ بھی دے دیا ہے