یورپ میں تعمیراتی میٹریل اور جدید طرز تعمیرات کے حوالہ سے 44 سال سے جاری نمائش اختتام پذیر ہوگئی

بارسلونا(دوست نیوز)یورپ میں تعمیراتی میٹریل اور جدید طرز تعمیرات کے حوالہ سے 44 سال سے جاری نمائش جو ہر دوسال کے بعد بارسلونا میں ہوتی ہے تین دن جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہوگئی۔تعمیراتی مٹیریل کی نمائش میں دنیا بھر سے تعمیراتی کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔بارسلونا میں ہونے والی یہ نمائش 50 ہزار فٹ رقبہ پر منعقد ہوئی جس میں دنیا کی بڑی تعمیراتی کمپنیوں نے شرکت کی اور جد طرز تعمیر کے حوالہ سے سامان کی نمائش کی۔نمائش میں 500 سے زائد نمائشی اسٹینڈ لگائے گئے تھے 50ہزار سے زائد افراد نے ان اسٹنیڈ کا وزٹ کیا اور معلومات حاصل کیں۔ 12 سے 15 فیصد افراد دنیا بھر سے اور باقی مقامی کمپنیوں کے افراد نے شرکت کی۔
تعمیراتی مٹیریل اور جدید طرز تعمیر کے حوالہ سے ہونے والی اس نمائش میں ڈائریکٹرنمائش نے مختلف کمپنی کے وفود کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس نمائش کا مقصد دنیا میں فضائی آلودگی کو کم کرنا اور ایسا طرزتعمیر اختیار کرنا ہے جس سے انسان کی صحت پر مثبت اثرات پیدا ہوں۔ نمائش میں جگہ جگہ زمین پرایسے پوسٹر چسپاں کئے گئے تھے جو آلودگی سے بچاو کے لئے مختلف تراغیبات دے رہے تھے۔
نمائش میں ایک گھر کی تعمیر سے لے کر اس کی خوبصورتی کے لئے استعمال ہونے والے تمام لوازمات بھی موجود تھے، گھر کو آگ سے بچاو کے طریقے اور مختلف جدید رنگ وروغن کو بھی متعارف کرایا گیا۔ جدید طرز کے بنے بنائے گھر جو لکڑی ،پلاسٹک اور کنکریٹ کے بنائے گئے ہیں کو بھی نمائش میں رکھا گیا تھا۔ حکومت پاکستان کی جانب سے سستے گھر بنانے کے اعلان کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ان کمپنیوں سے رابطہ کیا جا سکتا ہے جو جدید طرز تعمیر کے گھر بنانے کے ساتھ ساتھ سستے اور پائیدار بھی ہیں۔