یونائیٹڈ فرینڈز فورم کا افطار ڈنر ،اونیدوس سی کے رہنماوں کی شرکت

بارسلونا(دوست نیوز)یونائیٹڈ فرینڈز فورم کا انتخابی مہم کے سلسلہ میں گرینڈ افطار ڈنر جس میں سینکٹروں پاکستانیوں نے شرکت کی۔افطار ڈنر میں مقامی سیاسی جماعت اونی دوس سی کے بارسلونا کے مئیر کے امیدوار اور پاکستانی امیدوار کونسلرز ڈاکٹر ہما جمشید اور محمد افضل سپرا نے شرکت کی

افطار ڈنر کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے ہوا۔نظامت کے فرائض چوہدری طاہر فاروق وڑائچ نے سرانجام دئیے۔
اونی دو سی کے پاکستانی امیدوار محمد افضل سپرا نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ ہماری جماعت تارکین وطن کے حقوق کی پاسدار ہے ۔تمام انسانوں کو برابری کی سطح پر دیکھتی ہے ۔تارکین وطن کو اپنے حقوق کے حصول کے لئے اس پارٹی کو کامیاب کرانا ہوگا

معروف سماجی ورکر اور پارٹی میں نمبر دو پر موجود پاکستانی نژاد اسپانش ڈاکٹر ہما جمشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی ایک بڑی تعداد میں بارسلونا میں موجود ہیں ان کی موجودگی کو محسوس کیا جاتا ہے اور مختلف سیاسی جماعتیں اپنے حق میں ان کو استعمال کرتی ہیں لیکن ان کو بااختیار اداروں تک پہنچنے نہیں دیتی۔انہوں نے کہا کہ جس طرح ہماری اہمیت کو محسوس کیا جاتا ہے اسی طرح ہمارے وجود کو بھی ان اداروں میں پہنچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی گو نئی ہے لیکن ہمارا منشور تارکین وطن کے حقوق کا دفاع کرتا ہے۔

پارٹی ہیڈ اور مئیر کے امیدوار نے بھی اپنے خطاب میں پاکستانی کمیونٹی کی بارسلونا کے لئے خدمات کو سراہا
انہوں نے کہا کہ جس طرح ہر میدان میں پاکستانی کامیاب نظر آتے ہیں کیا وجہ ہے کہ سیاست میں ان کو خانہ پری کے طور پر رکھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا منشور واضح ہے اور ہم ناصرف پاکستانی بلکہ دیگر ایشیائی ممالک کے باشندوں کو بھی برابری کی سطح پر دیکھتے ہیں اپنے حقوق کے لئے آپ لوگوں کو آگے آنا ہوگا اور اپنے وجود کو تسلیم کرانا ہوگا ۔
تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء کو پرتکلف افطار ڈنر دیا گیا اور ملک پاکستان کی سلامتی کی دعا کی گئی