تارکین وطن کو سمندر سے بچایا تو،غیر سرکاری امدادی تنظیموں پر بھاری جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ

اطالوی حکومت نے تارکین وطن کو سمندر سے بچانے اور انہیں بلا اجازت ملکی بندرگاہوں پر لانے والی غیر سرکاری امدادی تنظیموں پر بھاری جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ روم حکومت اب ایسی تنظیموں سے بڑے جرمانے طلب کر سکے گی۔روم میں اطالوی حکومت کی طرف سے منگل گیارہ جون کو منظور کردہ ایک سرکاری حکم نامے کے مطابق تارکین وطن کی آمد کے مخالف عوامیت پسند سیاست دان ماتیو سالوینی کی قیادت میں ملکی وزارت داخلہ اب قانوناً ایسی غیر سرکاری امدادی تنظیموں سے 10 ہزار یورو سے لے کر 50 ہزار یورو (ساڑھے گیارہ ہزار سے لے کر ستاون ہزار امریکی ڈالر تک کے برابر) جرمانے کی رقوم کے مطالبے بھی کر سکے گی، جو کھلے سمندروں سے یورپ آنے کے خواہش مند غیر ملکی تارکین وطن کو بچا کر اطالوی بندرگاہوں تک لائیں گی۔