چوہدری ساجد گوندل نائب صدر پیپلز پارٹی یورپ منتخب،چوہدری عمران، مہر فرحان اور سجاد بٹ عشائیہ دیں گے

بارسلونا(دوست نیوز)پیپلز پارٹی کے سچے جیالے چوہدری ساجد گوندل کے پیپلز پارٹی یورپ کے نائب صدر منتخب ہونے پر پیپلز پارٹی اسپین کے قائم مقام صدر چوہدری عمران اختر آف چھوکر کلاں، معروف بزنس مین مہر فرحان اختر اور معروف بزنس میں سجاد بٹ 18 جون منگل ذیشان کبابش ریسٹورنٹ پر اس خوشی کے موقع پر دوستوں کے اعزاز میں پر تکلف عشائیہ دیں گے۔
یاد رہے زرداری ہاوس اسلام آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی اوورسیز کوارڈینشن کمیٹی کے ممبران کی میٹنگ ہوئی۔جس میں سابق وزیراعظم پاکستان ممبر اوورسیز کوارڈینشن کمیٹی راجہ پرویز اشرف، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر ممبر اوورسیز کوارڈینشن کمیٹی چوھدری عبدالمجید،سابق سینئیر منسٹر اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر اسمبلی ممبر اوورسیز کوارڈینشن کمیٹی چوہدری محمد یاسین،سابق صدر علماء مشائخ پیپلزپارٹی آزاد کشمیر ممبر اوورسیز کورڈنیشن کمیٹی حافظ طارق محمود،مئیر آف لالہ موسی سنئیر رہنما پیپلزپارٹی پنجاب ممبر اوورسیزکوارڈینشن ندیم اصغر کائرہ نے شرکت کی اور موجودہ سیاسی صورتحال اور اوورسیز کی تنظیم سازی پر گفتگو کی گئی ۔اس موقع پر ایم این اے فریال تالپور صاحبہ ،سابق صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب خان اور سابق مشیر حکومت آزاد کشمیر چوھدری ریاض اور صدر پیپلزپارٹی یورپ ڈاکٹر چوھدری ارشاد کمبوہ بھی موجود تھے۔
اوورسیز کوارڈینشن کمیٹی کے ممبران کی میٹنگ میں پیپلزپارٹی کے معروف جیالے چوہدری ساجد گوندل کی سیاسی جدوجہد پر بھی بات چیت ہوئی۔ صدر پیپلزپارٹی یورپ ڈاکٹر چوھدری ارشاد کمبوہ نے چوہدری ساجد گوندل کی پارٹی خدمات پر انہیں پیپلز پارٹی یورپ کے نائب صدر کے طور پر نامزد کیا تو کمیٹی اراکین نے نام کی توثیق کرتے ہوئے چوہدری ساجد گوندل کو نائب صدر کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔