جاتی امرا میں مریم نواز اور بلاول بھٹو کی ملاقات جاری

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کی دعوت پر ان سے ملاقات کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری رائے ونڈ میں جاتی امرا پہنچ گئے۔پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ساتھ پارٹی کے دیگر رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر، قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور اور حسن مرتضیٰ بھی موجود ہیں۔مریم نواز نے بلاول بھٹو اور ان کے وفد کا استقبال کیا، مسلم لیگ کے وفد میں رانا ثنااللہ خان، مریم اورنگزیب، پرویز رشید، سردار ایاز صادق اور محمد زبیر شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں حکومت کے خلاف ممکنہ تحریک، عدلیہ بچاؤ تحریک، نیب کیسز، نیب گرفتاریاں اور بجٹ پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔اس کے علاوہ اپوزیشن کی 2 اہم جماعتوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اے پی سی میں دونوں جماعتوں کے ایک بیانیہ پر بھی غور متوقع ہے۔