گوگل نے واٹس ایپ کی ٹکر پراپنی سروس متعارف کروا دی

دنیا کی معروف ترین میسجنگ سروس واٹس ایپ اور فیس بک میسنجر کے مقابلے میں گوگل نے اپنی سروس متعارف کروا دی۔گوگل کی رچ کمیونیکشن سروس چیٹ (آر سی ایس ) اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے متعارف کرائی جا رہی ہے جو واٹس ایپ اور فیس بک میسنجر کی ٹکر پر ہوگی۔دنیا کا مقبول ترین سرچ انجن اس ڈیوائس پر گزشتہ 2 سال سے کام کر رہا تھا، اور اب رواں ماہ برطانیہ اور فرانس میں رچ کمیونیکیشن سروس چیٹ متعارف کرائے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
آر سی ایس درحقیقت ایس ایم ایس سروس کی جدید ترین شکل ہے لیکن اس میں صارفین کے لیے مختلف جدید ترین فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔اس کے مختلف فیچرز میں ریڈ ریسپٹ، فرینڈز ٹائپنگ دیکھنا، ایچ ڈی تصاویر کے علاوہ ویڈیو اور گروپ ٹیکسٹ بھی شامل ہے، مزید یہ کہ اس میں ایس ایم ایس سروس کی طرح ٹائپ کرنے کیلئے الفاظ کی حد نہیں ہوگی۔ایس ایم ایس میں 160 الفاظ ٹائپ کرنے کی حد مقرر ہوتی ہے ، اسی لیے واٹس ایپ سروس نے صارفین میں تیزی سے مقبولیت حاصل کی تھی۔یہ سروس اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے ایپل کے آئی میسج کی طرح کام کرے گی لیکن فی الحال اس میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن موجود نہیں ہوگی، اس کے علاوہ اس کے استعمال کیلئے فون نمبر بھی ضروری ہو گا۔
صارفین کی کسی موبائل فون میں زیادہ سے زیادہ فیچرز کی ڈیمانڈ پوری کرنے کیلئے ہی گوگل نے یی سروس لانے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ واٹس ایپ اور فیس بک میسنجر کو ٹف ٹائم دیا جا سکے۔ گوگل ڈیجٹیل اسسٹنٹ کی خدمات کے ساتھ صارفین کیلئے اس سروس میں واٹس ایپ اور فیس بک میسنجرکے تمام فیچرز شامل کرنا چاہتا ہے۔اس حوالے سے گوگل نے مائیکروسافٹ، موبائل فون بنانے والی 11 کمپنیوں سمیت 55 موبائل آپریٹرز سے معاہدے کرلیے ہیں۔ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ سروس اینڈرائیڈ میسجز ایپ استعمال کرنے والوں کیلئے اس وقت دستیاب ہو گی جب وہ اسے استعمال میں لانا چاہیں گے۔ابتدائی آزمائش کے بعد آر سی ایس کو دنیا کے دیگر ممالک میں بھی جلد متعارف کرا دیا جائے گا