ہالینڈ میں پاکستانی پروفیشنلز کے باہمی تعاون، رابطے کا پلیٹ فارم تشکیل

ایمسٹرڈیم:(ڈاکٹر محمد کامران)نیدلینڈز کے شہر ایمسٹرڈیم میں پاکستانی نوجوانوں نے مختلف شعبوں سے وابستہ ہم وطنوں ک مسائل کے حل، معلومات کے تبادلے اور فلاح و بہبود پاکستانی پروفیشنلز اِن یورپ کے نام سے ایک پلیٹ فارم کا آغاز کیا ہے۔
یورپ میں مقیم زندگی کے مختلف شعبوں میں کام کرنے والے پاکستانیوں کے درمیان معلومات کے تبادلے، مسائل کے حل کیلئے تعاون اور سماجی رابطوں کے قیام کے لیے پلیٹ فارم بنانے سے متعلق ایمسٹرڈیم میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔جس میں سائنس، بینکنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ہاؤسنگ اور مینجمنٹ کے شعبوں میں کام کرنے والے پاکستانی نوجوانوں کے علاوہ معروف کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عابد ملک نے اس پلیٹ فارم کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہالینڈ میں بسنے والے پاکستانی پروفیشنلز ملک کا مثبت تاثر قائم کرنے میں مصروف ہیں لیکن جس طرح دوسرے ممالک کے پروفیشنلز مل بیٹھ کر ایک دوسرے سے معلومات کا تبادلہ کرتے ہیں اور نئے آنے والے نوجوانوں کی رہنمائی کرتے ہیں ایسا ہالینڈ میں نہیں ہوتا، اسی لیے یہ قدم اٹھانے فیصلہ کیا گیا۔
شرکا کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی کے نوجوانوں کی طرف سے پڑھے لکھے نوجوانوں کا آپس میں مل بیٹھنا انتہائی خوش آئند ہے۔ شرکاء نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانے اور سفیر نے کبھی بھی پاکستانی پروفیشنلز کو اہمیت نہیں دی،عام پاکستانی کی سفارت خانے تک رسائی ناممکن بنا دی گئی ہے۔
نیدرلینڈز میں مقیم پڑھے لکھے نوجوانوں کا یہ پہلا اکٹھ تھا جو نہ صرف یہاں بسنے والے نوجوانوں کو مل بیٹھ کر مختلف مسائل کے حل میں ایک دوسرے کی مدد کا موقع فراہم کرے گا بلکہ جاب مارکیٹ اور کاروبار کے بارے میں مفید معلومات کے تبادلے کا بھی زریعہ بنے گا