اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، جسٹس قاسم خان

برمنگھم( آصف محمود براہٹلوی) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس قاسم خان نے وفد کے ہمراہ برمنگھم پاکستان قونصلیٹ کا دورہ کیا ان کے ہمراہ وفد میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور قیصر نذیر، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بہاولنگر منظر علی گل، ڈائریکٹر جنرل ڈسٹرکٹ جوڈیشلی پنجاب اشتر عباس موجود تھے۔ اس موقع پر قونصل جنرل آف پاکستان احمر اسماعیل نے قونصلیٹ کا دورہ کروایا اور وفد کو پاکستانیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا ۔اس موقع پر جسٹس قاسم خان اور وفد کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کمیونٹی نے شرکت۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اشتر عباس کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے احکامات کی روشنی میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے ایک سیل قائم کیا گیا ہے، جس کو جسٹس جواد حسن مانیٹر کررہے ہیں۔ اور اس سلسلے میں مختلف بینچ قائم کئے گئے ہیں تاکہ فوری طور پر انکے مقدمات کو فیصلہ کیا جائے ۔36اضلاع کو چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے احکامات اس سلسلے میں جاری کئے گئے ہیں اور ہر ضلع سے ایک سینئر ڈسٹرکٹ جج اس اوورسیز سیل کا ممبرہو گا۔ ہمارے ماہانہ اجلاس میں رپورٹ پیش کی جائیگی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس قاسم خان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کے لئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور فوری طور پر اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے کام جاری ہے اور اس سیل کے قیام کے بعد بہت سے مقدمات کے فیصلے ہوچکے ہیں ۔ عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کے حوالے سے اس سیل کو بذریعہ فون بذریعہ میسج،ای میل اور ویب سائٹ پر رابط کرکے مسائل سے آگاہ کیا جاسکتا ہے ۔جس پر فوری طور پر کام کیا جائے گا اور عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کے حل کیلئے حصوصی احکامات جاری ہونگے،