’ہوم لیس فٹبال ورلڈ کپ‘: پاکستان نے اسرائیل کو تگنی کا ناچ نچا دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے دنیا بھر کے سفارتی تعلقات ہیں تاہم اسلامی ملک ہونے کی بناء پر اسلام آباد کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات نہیں ہے، پاکستان کی فٹبال ٹیم کے پلیئرز اسرائیلی کھلاڑی ایک دوسرے کو گلے ملے جبکہ قومی کھلاڑیوں نے حریفوں کو تگنی کا ناچ نچایا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ برطانوی علاقے ویلز کے شہر کارڈف میں کھیلا گیا، جہاں بے گھر افراد کا فٹبال عالمی کپ کھیلا جا رہا ہے۔ یہ محض کھیل نہیں بلکہ بے گھروں کا ورلڈ کپ مشکل حالات میں گھرے ان کھلاڑیوں کی زندگیوں پر بھی مثبت اثرات مرتب کر رہا ہے۔17 ویں ہوم لیس ورلڈ کپ‘ میں پچاس ممالک کے 500 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ ستائیس جولائی سے شروع ہونے والا یہ عالمی کپ 7 روز جاری رہے گا۔
ایونٹ کے دوران جرمنی اور کئی دیگر ترقی یافتہ ممالک کی بے گھر افراد کی ٹیموں سے لے کر پاکستان، بھارت سمیت پچاس سے زائد ممالک کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ویمنز ورلڈ کپ کیلئے 16 ممالک کی ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ مردوں کے ورلڈ کپ کے 44 ممالک پر مشتمل ٹیمیں آٹھ گروپوں میں منقسم ہیں۔ ہر گروپ میں پانچ یا چھ ٹیمیں شامل ہیں۔گروپ ای میں پاکستان اور اسرائیل سمیت چھ ممالک کی ٹٰیمیں شامل ہیں، تین ٹیمیں اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ دیگر ٹیموں میں فرانس، پرتگال، ہنگری اور شمالی آئرلینڈ مد مقابل ہیں۔ گرین شرٹس نے پہلا میچ اسرائیل کیخلاف کھیلا اور حریف ٹیم کو پچھاڑا۔ان مقابلوں کا دورانیہ چودہ منٹ ہے، قومی پلیئرز نے پہلے ہاف میں 2 کے مقابلے میں 4 گول سے سبقت حاصل کر لی تھی۔ دوسرا ہاف شروع ہوا تو اسرائیلی کھلاڑیوں نے تیسرا گول کر دیا تو دکھائی دیا کہ مقابلہ سخت ہو گا لیکن اسی دوران حریف کھلاڑیوں پر دھاک بیٹھاتے ہوئے پانچ مزید گول کر کے 4 کے مقابلے میں 9 گول سے جیت لیا۔گروپ ایچ میں شامل جرمن ٹیم کو اپنے پہلے میچ میں لیتھوانیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی ٹیم بوسنیا ہرزیگوینا کے ہاتھوں دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست کھا گئی۔