ایشیاکپ2019 کی افتتاحی تقریب،مہمان خصوصی چوہدری عزیز احمد امرہ نے ٹیموں کی وردی کی رونمائی کی

بارسلونا(دوست نیوز)کاتالان کرکٹ فیڈریشن کے زیر انتظام بارسلونا میں ایشیا کپ 2019 کا انعقادکیا جارہاہے،جس میں پاکستان،انڈیا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی کرکٹ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ گزشتہ روز ایشیاکپ2019 کی افتتاحی تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی چوہدری عزیز احمد امرہ تھے۔ افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور قلندری دیوانے لجپال دے سے کیا گیا۔جسے محمد سعید نے گا کر سنایا۔افتتاحی تقریب کی نظامت ملک عمران خان نے کی اور کرکٹ فیڈریشن کی مختصر تاریخ اور گزشتہ سالوں ہونے والے ایشیا کپ پر بات کی۔ایشیا کپ2019 کی افتتاحی تقریب میں ٹورنامنٹ میں میں حصہ لینے والی چاروں ٹیموں اور ایمپائرز کی وردی کی رونمائی کی گئی ۔
چاروں ٹیموں کے کپتانوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارسلونا میں ایک اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ اور ہماری کوشش ہے کہ ان ٹورنامنٹس سے اپنے نوجوانوں کو کھیل کے میدانوں کی جانب راغب کریں۔ بھارتی کپتان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم میدان سے باہر سب بہت اچھے دوست ہیں لیکن میدان کے اندر سخت ترین مخالف ہیں اور مقابلہ کو مقابلہ سمجھتے ہیں۔ دیگر کا کہنا تھا کہ جس طرح قومی سطح پر مقابلے دیکھنے کو ملتے ہیں کوشش کریں گے کہ اسی انداز میں جاندار مقابلے ہوں اور وہی قومی جذبہ یہاں بارسلونا کے میدان میں نظر آئے۔
ایشیائ کپ 2019 کی افتتاحی تقریب سے مہمان خصوصی چوہدری عزیز احمد امرہ، حافظ عبدالرزاق صادق اور تبسم سلیم نے مختصر خطاب کیا جس میں کھلاڑیوں اور شائقین کو کہا گیا کہ آپ لوگ اپنے اپنے ممالک کے سفیر ہیں اور بہترین کردار کے ذریعے کھیلوں کے فروغ کے لئے کام کریں اسپین ہمارا ملک ہے جو ہمیں ہر طرح کی سہولیات بہم پہنچا رہا ہے اس کے قوانین کا احترام کرنا ہم پر فرض ہے۔