ازدواجی زندگی بارے گمراہ کن پراپیگنڈہ، وزیراعظم کا نجم سیٹھی کو عدالت لیجانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (دوست نیوز) وزیراعظم کی ازدواجی زندگی کے بارے میں گمراہ کن پراپیگنڈے کیخلاف عمران خان نے اینکر پرسن نجم سیٹھی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا۔طویل مشاورت کے بعد وزیراعظم کی ہدایت پر وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا۔ وزیر ا عظم کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ جعلی خبروں پر کسی بھی طرح کی نرمی نہیں برتی جاسکتی، نجم سیٹھی کا وزیراعظم عمران خان کی عائلی زندگی کے بارے میں دعویٰ شرمناک ہے، اینکر پرسن نے ٹی وی پر بیٹھ کر قانون و اخلاق کی دھجیاں بکھیریں۔بابر اعوان نے کہا کہ لوگوں کی ساکھ مجروح کرنے کی کوششوں کا راستہ روکنا ہوگا، امید ہے نجم سیٹھی عدالت میں اپنے بیہودہ دعویٰ کے دفاع کیلئے پیش ہوں گے۔