نیوزی لینڈ کی خاتون مسلم پولیس افسر کو حج کی دعوت

نیوزی لینڈ کی ایک مسجد میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد عوام سے خطاب کرنے والی مسلمان خاتون پولیس اہلکار کو سعودی عرب نے حج کی دعوت دی ہے۔نائلہ حسن نیوزی لینڈ پولیس کی افسر ہیں،کرائسٹ چرچ حملے کے بعد انہوں نے عوام سے ولولہ انگیز خطاب کیا تھا۔نائلہ حسن کو سعودی شاہی مہمان کی حیثیت سے حج کی ادائیگی کے لیے مدعو کیا گیا ہے، سعودی عرب پہنچنے پر نائلہ حسن نے بے حد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سعودی حکمرانوں کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر نائلہ حسن کا کہنا تھا کرائسٹ چرچ حملوں پر وہ بے حد غمزدہ تھیں وہ خود مسلمان ہیں اور ان کے والد کا تعلق پاکستان کے شہر لاہور سے ہے، بحیثیت مسلمان انہیں اتنے مسلمانوں کی شہادت کا بہت دکھ تھا۔واضح رہے کہ کرائسٹ چرچ میں واقع دو مساجد پر 15 مارچ کو جمعے کی نماز پڑھنے آنے والے نمازیوں پر دہشت گرد حملہ کیا گیا جس کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 50 افراد شہید اور 48 زخمی ہوئے تھے۔