اقوام متحدہ اور یورپی یونین مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اپنی خاموشی ترک کریں،میاں عامر رضا

بارسلونا(دوست نیوز) بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کلسٹر بموں کے استعمال اور نہتے عوام پر ظلم ڈھانے کے لیے مزید فوجی تعینات کرنے کے خلاف پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے شدید احتجاج کرتے ہوئے عالمی برادری سے صورت حال کا فوری نوٹس لینے اور بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں قتل عام سے روکنے کے لیے فوری اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔معروف پاکستانی سماجی شخصیت میاں عامر رضا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں بشمول انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کو اس خلاف ورزی کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔انھوں نے مزید کہاکہ یہ پاکستان کے لیے ایک اہم موقع ہے کہ وہ بھارتی مظالم کو دنیاکے سامنے پیش کرے۔ خاص طورپر مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کے بے گناہ اور پرامن شہریوں پر بھارتی فوجیوں کے حملوں کو دنیا کے سامنے لانا ضروری ہے۔انھوں نے کہاکہ خاص طور پر مقبوضہ وادی کی خراب صورتحال کواجاگرکرنے کے لیے ایک وسیع سفارتی مہم کی ضرورت ہے کیونکہ مقبوضہ کشمیرمیں پہلے ہی آٹھ لاکھ بھارتی فوجی تعینات ہیں اور نئی دہلی مزید فوج تعینات کررہی ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر مزید مظالم ڈھائے جاسکیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ اور یورپی یونین مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اپنی خاموشی ترک کرکے حقائق معلوم کرنے کے لیے اپنے مشنز خطے کو روانہ کریں اور مسئلہ کشمیر کو منصفانہ طور پر حل کرنے کے اپنا موثر کردار ادا کریں۔