چودھری شوگر ملز کیس: مریم نواز کوٹ لکھپت جیل کے باہر سے گرفتار

لاہور: (دوست نیوز) نیب نے چودھری شوگر ملز کیس کی تحقیقات میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نوازکو گرفتار کر لیا۔ لیگی رہنما کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ نیب حکام کے مطابق مریم نواز سے شوگر ملز کے شئیرز کی خریداری کے لیے فنڈز کا ریکارڈ طلب کیا گیا تھا لیکن مریم نواز شئیرز کی خریداری کے لیے ذرائع آمدن بتانے میں ناکام رہیں۔ نیب کے مطابق تین غیر ملکیوں نے مریم نواز کے نام پر 11 ملین شئیرز ٹرانسفر کیے تاہم مریم نواز غیر ملکیوں کی سرمایہ کاری کا ریکارڈ دینے میں ناکام رہیں۔
نیب حکام کے مطابق مریم نواز بیرون ملک سے وصول 7 کروڑ کی ٹی ٹیز کا ریکارڈ بھی نہ دے سکیں، 1496 کنال زمین کا بھی ذریعہ آمدن بتانے میں ناکام رہیں، چودھری شوگر ملز کے 70 لاکھ شئیرز منتقلی کا ریکارڈ بھی نہ دےسکیں، 70 لاکھ شئیرز یوسف عباس شریف کے ذریعے ناصر عبداللہ کو منتقل کیے۔ نیب حکام کے ممطابق ناصر عبداللہ نے تمام شئیرز حسین نواز کو دوبارہ منتقل کر دیئے۔دوسری جانب نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے بھتیجے یوسف عباس کو بھی گرفتار کر لیا۔