بھارتی غیر قانونی اقدامات کے بارے میں آگاہی مہم، پاکستانی رہنما یورپ کا دورہ کریں گے

لزبن (نمائندہ دوست) مقبوضہ جموں و کشمیر کی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے اور انڈین پارلیمنٹ کی جانب سے غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام کے بارے میں آگاہی مہم کے سلسلہ میں پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے لیڈران آئندہ ہفتہ یورپ کے دورہ پر آئیں گے۔ آزاد کشمیر کے صدر اسپین اور پرتگال کا دورہ کریں گے، وفاقی وزیر شیخ رشید احمد ڈنمارک، وفاقی وزیر فواد چوہدری فرانس، ق لیگ کے مرکزی رہنما چوہدری وجاہت حسین، چوہدری سعادت نواز اجنالہ، چوہدری موسیٰ الہٰی، حمید اللہ بھٹی اسپین، ناروے، ڈنمارک، یونان، پرتگال کے دورہ پر آئیں گے جب کہ ن لیگ کے ممبر قومی اسمبلی چوہدری عابد رضا کوٹلہ سویڈن، ڈنمارک اور ناروے کے دورہ پر پہنچ چکے ہیں۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم اسپین کا دورہ مکمل کرکے جب کہ پرتگال کا دورہ کینسل کر کے وطن واپس روانہ ہو گئےجب کہ وزیراعظم کے مشیر عثمان ڈار بھی پرتگال کا دورہ کر کے وطن واپس روانہ ہو گئے، یورپ میں سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کے دورہ سے ایک بار پھر پاکستانی تارکین وطن نے اپنے مسائل کے حل کے لیے امیدیں لگانا شروع کر دی ہیں۔