کون کون سا سیاستدان عید جیل میں گزارے گا؟

ملکی تاریخ میں پہلی باربڑے سیاستدانوں سمیت کئی سابق وزراء عید جیل میں منائیں گے۔سابق صدرآصف علی زرداری اوردو سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی سمیت مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے درجن کے قریب سابق وزراء وسیاستدان عید الضحیٰ اپنےگھر والوں کے ساتھ نہیں بلکہ قید میں منا رہے ہیں۔وفاقی وزراء مفتاح اسماعیل اورخواجہ سعد رفیق کی عید جیل میں گزرے گی تو پنجاب کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز، سابق صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ خان، سلمان رفیق کا بھی یہی حال ہے۔
اس فہرست میں ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں کی خواتین رہنما فریال تالپور اور مریم نواز بھی شامل ہیں۔نیب ریفرنس میں نامزد فریال تالپور کے گھر کو سب جیل قرار دیا جاچکا ہے جبکہ مریم نوازچوہدری شوگرمل کیس میں نیب کی حراست میں ہیں۔اس کے علاوہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی بھی جیل میں ہیں۔سیاستدانوں کے علاوہ ان کے 2 قریبی عزیز بھی اپنی عید جیل میں منائیں گے۔ نواز شریف کے بھتیجے یوسف عباس اور رانا ثناء اللہ کے داماد رانا شہریار بھی نیب کی حراست میں ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اپوزیشن کے علاوہ پی ٹی آئی کے اپنے رکن اسمبلی اور سابق وزیر جنگلات سبطین خان بھی قید میں ہیں ۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد ایسا پہلی بار ہو رہا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں سابق صدر، وزرائے اعظم، اسپیکر اسمبلی سمیت معروف سیاستدان اور سابق وزراء عید کے موقع پر سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔اس سے قبل نواب محمد احمد خان قتل کیس میں سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقارعلی بھٹو اور طیارہ سازش کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف جیل میں عید گزار چکے ہیں لیکن عید پر اتنی بڑی تعداد میں سیاسی رہنماؤں کے جیل میں ہونے کا یہ پہلا موقع ہوگا