بارسلونا میں نماز عید الضحی کے بڑے اجتماعات

بارسلونا(دوست نیوز)بارسلونا میں پاکستانی مراکشی اور دیگر مسلمان کمیونٹیز نے عیدالضحی کی نماز مساجد اور کھلے میدانوں میں ادا کی۔ بارسلونا میں فیضان مدنیہ ،منہاج القرآن، مسجد صوفیا، مدنی مسجد،مسجد طارق بن زیاد،کلوت اسلامک سنٹر،مسجد ابوبکر صدیق،مسجد غلامان مصطفیٰ ،مسجد الرحمہ سینٹر بینی دورم ،مسجد الکرم میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوئے۔خطبہ عیدارشاد فرماتے ہوئے علمائ اکرام کا کہنا ہے کہ عید الاضحی پر جانوروں کی قربانی اس بات کو یاد دلانے کے لیے کی جاتی ہے کہ اللہ کے دئیے ہوئے جانوروں کو جب ہم اللہ کی راہ میں قربان کرتے ہیں تو اپنے اس ایمان کو تازہ کرلیتے ہیں کہ ہماری جان اور ہمارا مال سب کچھ اللہ کا ہے، اور وقت آنے پر ہم اپنی ہر چیز اللہ کی راہ میں قربان کرنے کے لیے تیار رہیں گے۔
’’عید الاضحی‘‘ اللہ تعالیٰ کے دین کے مکمل ہونے کا جشن بھی ہے، اور اسوۂ ابراہیمی کی یادگار بھی، یعنی اللہ کی راہ میں نکلنا، اس کی راہ میں کوشش کرنا، اس کی راہ میں مال دینا، مال کی قربانی، جان کی قربانی، وغیرہ۔جس طرح روزہ تقویٰ پیدا کرتا ہے، اللہ کی بندگی کراتا ہے، راتوں کو کھڑا رکھتا ہے، خدا کے قریب کرتا ہے اسی طرح قربانی اس بات کی تربیت دیتی ہے کہ گھر سے نکلو، اور اللہ کی راہ میں جدوجہد کرو کہ اس کے بغیر ایمان کے تقاضے پورے نہیں ہوسکتے۔
اسوۂ ابراہیمی توحید کی علامت ہے، گناہ تو ہر آدمی سے ہوتے ہیں، کوتاہیاں بھی ہوتی ہیں لیکن زندگی کا رخ بس ایک ہی ہے، ہماری پوری زندگی کا رخ اسی کی طرف ہونا چاہیے جو بیت الحرام کا رب اور مالک ہے۔ زندگی کا ایک رُخ، ایک قبلہ، ایک مقصد، ایک منزل ہو۔ اس فرمان کے مطابق جس کا اقرار ہم ہر دن کرتے ہیں۔ وہ اقرار ہمارا عملی نمونہ بن جائے۔
کشمیری مسلمانوں پر ہونے والے ظلم وستم اور مذہبی عبادات کی ادائیگی سے روکنے اور ان کو بے وطن کئے جانے اور شہدا کے لئے دعا کی گئی کہ اے اللہ ان مظلوموں کو اس ظلم و تشدد سے بچا اور ہمیں ان کی مدد کرنے کی توفیق عطا فرما۔اے اللہ تمام مسلمان ممالک کو امن کا گہوارہ بنا دے۔آمین
ملک و قوم کیلئے قربانیاں دینے والے پاک فوج کے شہداءکو بھی شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیاگیا اور بلندی درجات کی دعا کی گئی