پاک فیڈریشن اسپین کے زیر اہتمام بارسلونا سنٹر میں پاکستان کا 73 واں جشن آزادی کا پروگرام

بارسلونا(دوست نیوز)پاک فیڈریشن اسپین کے زیر اہتمام بارسلونا سنٹر میں پاکستان کا 73 واں جشن آزادی ملی و قومی جوش خروش سے منایا گیا۔ جشن آزادی کے پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے ہوا۔ پاک فیڈریشن اسپین کے قائم مقام صدر راجہ بابر ناصر نے پاکستان کے جشن آزادی کے پروگرام کو مقبوضی کشمیر کے نہتے مظلوم کشمیریوں کے نام کرتے ہوئے کہا کہ ہماری زندگیاں اپنے کشمیری بھائیوں کے لئے قربان ہیں۔ ہم اس وقت تل آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کشمیر پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتا۔
پاک فیڈریشن اسپین کا جشن آزادی کا پروگرام ہر نوعیت سے مختلف اور تربیتی ہوتا ہے۔ پروگرام میں ننھے بچوں اور بچیوں نے ملی نغمے،تقاریر کیں تو ایک سماں باندھ دیا سبز ہلالی پرچموں میں ملبوس بچے پاکستان کی زندہ تصویر نظر آتے رہے۔ بچوں بڑوں اور نوجوانوں کے ہاتھ میں پرچم اور جھنڈیاں جوش اور خروش کو بڑھاتی رہیں۔ تقاریری مقابلوں میں بچے اور بچیوں نے پاکستان کے حصول میں درپیش مشکلات اور آج ہم کس جگہ پر کھڑے ہیں اور دنیا ہمیں کس نظر سے دیکھ رہی ہے۔
تمام مقررین کا موضوع پاکستان کے ساتھ جڑے آزاد جموں وکشمیر کے مظلوم کشمیری بھی رہے ،قائد کے فرمان کے مطابق کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے تو آج کی نوجوان نسل بھی اس قول پر عمل کرتی نظر آ رہی ہے اور نوجوانوں کی جانب سے لے کے رہیں گے آزادی اور پاکستان کی تکمیل کشمیر کے ساتھ ہے کو سن کر اقوام عالم کو جاگ جانا چاہیئے کہ ستر سالوں سے سلگتا مسئلہ کشمیر اب ایک چنگاری بن چکا ہے ۔
جشن آزادی کے پروگرام میں مقامی اسکول وکالج میں زیر تعلیم بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے بہترین رزلٹ رکھنے والے بچوں میں میڈل اور ترافیاں تقسیم کی گئیں۔ قونصل جنرل عمران علی چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے بڑی خوشی ہوئی ہے کہ آج یہاں پر بچے بچیاں اور خواتین بڑی تعداد میں موجود ہیں جو ہمارا مستقبل ہیں انہوں نے کامیاب اور شاندار پروگرام کرانے پر پاک فیڈریشن کو مبارک باد بھی دی۔
بچوں کے ملی نغمے کے رنگ کو مقامی گلوکار قدیر اے خان نے یہ تیرا پاکستان ہے یہ میرا پاکستان ہے گا کر مزید گہرا کردیا اور ہر ہاتھ جھنڈیو کو جوش وجذبہ کے ساتھ لہراتا اور زیر لب گنگناتا نظر آیا ۔